Skip to content
دہلی: توہین رسالت کا الزام،ملزم نوجوان ارمان گرفتار
نئی دہلی، 17نومبر (ایجسنسیز)
جامعہ نگر میں کل ہفتہ کی رات اس وقت کشیدگی پھیل گئی؛ جب سوشل میڈیا پر ایک مبینہ مسلمان نوجوان کی طرف سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کئے گئے قابل اعتراض ریمارکس کا ویڈیو وائرل ہوا۔ اس واقعہ کے بعد لوگ مشتعل ہو گئے اور بڑی تعداد میں جمع ہو کر جامعہ تھانے کا گھیراؤ کرکے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
دہلی پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ارمان (28) کے طور پر کی گئی ہے جو جامعہ نگر کا رہنے والا ہے۔ ملزم ارمان پر اسلام کیخلاف توہین آمیز کلمات اور ویڈیو پوسٹ کرنے کا الزام ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جامعہ نگر کے سینکڑوں لوگ پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے صورتحال کو سنبھالتے ہوئے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ارمان کو گرفتار کر لیا۔ فی الحال، پولیس معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ حکام نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔
Like this:
Like Loading...