Skip to content
اوقاف اور آئین کی حفاظت کے لیے مسلم پرسنل لابورڈ کو مضبوط کریں اور متحد رہیں:مولانا محمد ابوطالب رحمانی
کولکاتہ میں منعقدآئین بچاؤ اجلاس میں لاکھوں مسلمانوں کی شرکت،تحفظ اوقاف وآئین پر عمائدین کاخطاب
کولکاتہ19نومبر(پریس نوٹ)
آج کولکاتا شہر میں بنگال کے لاکھوں مسلمانوں نے ایک عظیم الشان اور تاریخی آئین بچاؤاجلاس منعقد کیا، جس میں یہ واضح طور پر اعلان کیا گیا کہ شریعت اور اوقاف کی حفاظت کے لیے ہم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی آواز پر ہر ممکن تعاون اور قربانی کے لیے تیار ہیں۔یہ اجلاس حضرت مولانا محمد ابوطالب رحمانی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، چیئرمین مولانا ابوالکلام آزاد سنٹر پٹنہ کے زیرصدارت منعقدہوا، جسے آل بنگال مائناریٹی یوتھ بنگال فیڈریشن، آل بنگال امام وموذن ایسوسی ایشن، جماعت اسلامی ہند، جمیعۃ اہل حدیث، آل انڈیا سنۃ الجماعت،جمیعۃ علماء کولکاتہ، جوائنٹ فارم فار وقف پروٹیکشن، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، آل انڈیا مسلم ویمن ایسوسی ایشن سمیت مختلف جماعتوں کی مشترکہ کاوشوں سے منعقد کیاگیا، شہید مینار کولکاتہ میں منعقد اس اجلاس میں پوری ریاست سے اس عظیم الشان ریلی میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی اور مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحریک میں بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا-
صدراجلاس حضرت مولانا محمد ابوطالب رحمانی نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ نے جس ملی بیداری کا ثبوت دیا ہے وہ لائق تحسین ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آئین کے تحفظ کے لیے، وقف کے تحفظ کے لیے اور آئینی حقوق کی حفاظت کے لیے مسلم پرسنل لا بورڈ کو مضبوط کریں، اس کی تحریکات کا ساتھ دیں، اس کی ہرآواز پر لبیک کہیں، آپ کا یہ اجتماع بتاتا ہے کہ مسلمان کسی حال میں اپنے آئینی حقوق سے دستبردار نہیں ہوسکتے، ہندوستان کے آئین نے ہمیں اپنے مذہب پر چلنے اور شریعت پر عمل کرنے کی آزادی اور پرسنل لاء کے تحفظ کی ضمانت دی ہے ہم سے یہ حقوق کوئی نہیں چھین سکتا، ہم وقف کے تحفظ کے لیے بیدار ہیں، حکومت کو یہ بل واپس لینا چاہیے، ہم نے ملک کی خدمت کی ہے جس میں ہم نے کبھی بھی مذہبی تفریق نہیں کی، مولانا رحمانی نے کئی مثالیں دیتے ہوئے کہاکہ انسانیت کا احترام اور اس کی خدمت ہمارا فریضہ بھی ہے اور وطیرہ بھی، ملک کا چپہ چپہ ہماری قربانیوں کا گواہ ہے، ہماری وفاداری نقش درودیوار ہے، ہم ملک کی بھی حفاظت کریں گے، آئین کی بھی حفاظت کریں گے اور دستور میں اقلیتوں، پسماندہ طبقات، دلتوں کو دییے گئے حقوق کی بھی حفاظت کریں گے-انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تو ممبران پارلیمنٹ اس کی مخالفت کریں اور جو جماعتیں واک آؤٹ کرکے بل کو درپردہ منظور کرائیں گی تو ہم ان بائیکاٹ کردیں گے،
اس اجلاس میں فرفرہ شریف کے کئی سجادگان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہم مسلم پرسنل لا بورڈ کی آواز کے ساتھ ہیں ہمیں آواز دیجیے ہم حاضرہیں
جماعت اسلامی کے امیر حلقہ جناب ڈاکٹر مسیح الرحمن نے کہا کہ بورڈ ہمارا متحدہ پلیٹ فارم ہے اگر اسے کوئی کمزور کرنے کی کوشش کرے گا تو ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے،کل بنگال اہل سنت و الجماعت کے پیر مفتی عبدالمتین صاحب نے اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے مسلکی اختلاف کی بات کی تو ہم اسے جماعت سے باہر نکال دیں گے ہم سب ایک آواز ہوکر مسلم پرسنل لا بورڈ کے ساتھ ہیں-بنگال اقلیتی کمیشن کے چیئرمین احمد حسن عمران نے کہاکہ ترنمول کانگریس وقف بل کے خلاف اپنے اختیارات کا استعمال کرے گی-
پروگرام کے روح رواں جناب مولانا قمرالزماں نے اعلان کیا اور لوگوں سے وعدہ لیا کہ ہم مسلم پرسنل لا بورڈ کے ساتھ شریعت کے تحفظ کے لیے ہر طرح کی قربانی پیش کرنے کو تیار ہیں-
اس اہم اجلاس کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر سرفراز عادل، جناب عمر اویس، جناب الحاج محمودعالم، جناب محمد آصف سمیت مختلف لوگوں نے اہم کردار ادا کیا، ساڑھے گیارہ بجے سے شروع کر شام چار بجے تک فرفرہ شریف کے بڑے پیر صاحب کی دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوا-اس اجلاس کے لیے صبح سے لوگ جلسہ گاہ میں موجود تھے-
Post Views: 14
Like this:
Like Loading...