جموں کے کئی علاقے میں دہشت گردی کے خلاف این آئی اے کی چھاپہ ماری
جموں،21 نومبر (ایجنسیز)
ا
نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کی صبح جموں کے کئی علاقوں میں چھاپے مارے۔ یہ چھاپے ایک نئے درج کیے گئے کیس سے متعلق ہیں جس میں پاکستان سے دہشت گردوں کی دراندازی کا الزام لگایا گیا ہے۔معلومات کے مطابق این آئی اے کے اس چھاپے کا مقصد پاکستانی دہشت گردوں کی ہندوستان میں داخل ہونے کی کوششوں کے بارے میں اہم معلومات اکٹھا کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کے اہلکار پولس اور نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کی مدد سے کئی مقامات پر چھاپے مار رہے ہیں۔این آئی اے کے یہ چھاپے جموں کے علاقوں میں مارے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں وادی میں دہشت گردی کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں۔ جس کے بعد دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی بھی تیز ہوگئی ہے۔ این آئی اے کی اس کارروائی کو دہشت گردوں کیخلاف ایک بڑی کارروائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس سے پہلے 5 اکتوبر کو این آئی اے نے دہشت گردی کی سازش اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے شبہ میں 5 ریاستوں میں بیک وقت 22 مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ این آئی اے نے یہ چھاپہ مہاراشٹر، جموں و کشمیر، اتر پردیش، آسام اور دہلی میں مارا تھا۔ یہ کارروائی دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے متعلق معاملات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ این آئی اے نے جموں و کشمیر کے بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں بھی چھاپے مارے تھے۔ بارہمولہ میں مولوی اقبال بھٹ کے گھر کی این آئی اے نے سیکورٹی فورسز کی مدد سے تلاشی لی۔خیال رہے کہ این آئی اے کی اس کارروائی سے پہلے یکم اکتوبر کو مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں چھاپے مارے گئے تھے۔
