Skip to content
مولاناابوالکلام آزادسنٹرکے چیئرمین مولانامحمدابوطالب رحمانی مسلم پرسنل لابورڈکے رکن عاملہ منتخب
بہاروبنگال میں مسلم پرسنل لابورڈکے کازکوتقویت ملے گی،ڈاکٹرخالدانورسمیت سنٹرکے اراکین کی مبارک باد
پٹنہ24نومبر(پریس ریلیز)
آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈکاانتخابی اجلاس بنگلورومیں منعقدہوا،اس میں کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ان فیصلوں میں ایک اہم فیصلہ یہ بھی رہاکہ مشہورعالم دین مولاناعبیدالرحمن خاں اعظمی کوبورڈکانائب صدرمنتخب کیاگیاجب کہ معروف ومتحرک شخصیت مولانامحمدابوطالب رحمانی چیئرمین مولاناابوالکلام آزادسنٹرپٹنہ اورفعال عالم دین مولانامحموددریاآبادی کورکن عاملہ منتخب کیاگیا۔اس دوران ممبئی کی مشہورشخصیت حافظ اقبال چونا والاکورکن بنایاگیانیزمولاناخورشیدمدنی سلفی اورمفتی سعیدالرحمان فاروقی ،صدردارالعلوم امدادیہ ممبئی کو رکن تاسیسی نامزدکیاگیا۔مسلم پرسنل لابورڈکے اس فیصلے پرنئے عہدیداران کومبارک بادکاسلسلہ جاری ہے۔
مولاناابوالکلام آزادسنٹرکے چیئرمین مولانامحمدابوطالب رحمانی نیزدیگرسبھی نومنتخب اراکین وعہدیداروںکوسنٹرکے ذمہ داروں نے مبارک بادپیش کی ہے۔اورمسلم پرسنل لابورڈکے اس اہم فیصلہ کی تعریف کی ہے۔ ڈاکٹر خالد انور، رکن قانون سازکونسل بہارنے اپنے تہنیتی بیان میں کہاکہ مولانامحمدابوطالب رحمانی انتہائی متحرک اورفعال عالم دین ہیں،وہ مضبو ط عوامی مقبولیت رکھتے ہیں، چنانچہ ابھی بنگال میں ان کے زیرصدارت وقف ترمیمی بل اورتحفظ آئین پر،کھلے میدان میں ملک کا پہلااجلاس ہواجس میں لاکھوں افرادکاٹھاٹھیں مارتاسمندرتھا،ا سے اندازہ ہوتاکہ وہ عوام وخواص میں بے حدمقبول ہیں،اس کے علاوہ انہوں نے کولکاتہ میں اکابرین مسلم پرسنل لابورڈکی سرپرستی میں نہایت منظم اوراہم تحفظ اوقاف کانفرنس منعقدکی،اس کانفرنس میں میں نے جوان کاحسن انتظام دیکھاتودنگ رہ گیا۔
بورڈمیں مولانا کاقدبڑھنے سے بہار،بنگال میں خاص طورپرمسلم پرسنل لا بورڈ کے کازکوتقویت ملے گی اورمضبوط ہوگا۔ڈاکٹرخالدانورنے یہ بھی کہاکہ مولاناابوطالب رحمانی ، مفکراسلام ،امیرشریعت سابع حضرت مولانامحمدولی رحمانی علیہ الرحمہ کے خاص تربیت یافتہ اورفیض یافتہ شخصیتوں میں ہیں۔اوران کی تربیت کااثرمولاناکی شخصیت میں واضح طورپرنظرآتاہے۔مولاناابوطالب رحمانی عرصہ سے بورڈکے رکن تھے۔مولانارحمانی پرمسلم پرسنل لابورڈکایہ اعتمادبورڈکے مزید استحکام کاباعث بنے گا۔ انہوں نے مولاناعبیدالرحمن خاں اعظمی، مولانا محمود دریا آبادی، مولانا خورشید مدنی سلفی،اقبال چوناوالاسمیت دیگرنومنتخب اراکین وعہدیداران کومبارک باددی ہے۔ نیز بورڈکی قیادت کے اس فیصلہ کی تحسین کی ہے۔
معروف ادیب ونقادجناب صفدرامام قادری نے مولاناابوطالب رحمانی کورکن عاملہ نامزدکرنے پرصدرمسلم پرسنل لابورڈحضرت مولاناخالدسیف اللہ رحمانی اورجنرل سکریٹری حضرت مولانا فضل الرحیم مجددی اوردیگرذمہ داروں کے حسن انتخاب کی تائیدکرتے ہوئے کہاکہ مولانارحمانی انتہائی ذہین،تربیت یافتہ اورفعال عالم دین ہیں،وہ عوام میں بے حدمقبول ہیں۔انہوں نے مولاناابوالکلام آزادسنٹرکے تحت مختلف جہتوں میں خدمات کابیڑااٹھایاہے،وہ بزرگوں کے ساتھ رہ کرکام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں،ہم بورڈکی قیادت کواس حسن انتخاب پرمبارک بادپیش کرتے ہیں۔
مشکل حالات میں بورڈنے عمدہ فیصلہ کیااورحق حق دارتک پہنچادیا،اللہ تعالیٰ مولانا رحمانی سے خوب خدمت لے اوربورڈکواستحکا م بخشے جوملت اسلامیہ کامتفقہ،متحدہ اورمضبوط پلیٹ فارم ہے۔ اس موقع پرمولاناابوالکلام آزادسنٹرکے تمام اراکین اور محبان نے مبارک بادپیش کرتے ہوئے دعاء دی ہے کہ اللہ تعالیٰ ملت کے کاموں میں ان کوسرخرورکھے،اورتمام دینی وتعلیمی اداروں کاتحفظ سامان فراہم کردے ، آمین۔
Post Views: 36