Skip to content
سنبھل، 26نومبر ( ایجنسیز) مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں وفد نے سنبھل کی سرکردہ شخصیات سے ملاقات کی اور پولیس فائرنگ کے حالیہ واقعات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔وفد نے پولیس افسران سے ملاقات کی اور بے گناہ لوگوں کی گرفتاری پر اپنے اعتراضات کا اظہار کرتے ہوئے وشنو جین سمیت ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس کی منصفانہ تحقیقات کرائے اور متاثرین کو 50 لاکھ روپے کا معاوضہ دے۔ وفد میں جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کے ساتھ مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا علاؤالدین قاسمی (ہاپوڑ)، مولانا ضیاء اللہ قاسمی اور ایڈوکیٹ مرزا عاقب بیگ بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ حافظ شاہد (جمعیت علماء سنبھل)، مولانا ندیم اختر، مولانا عبدالغفور، ڈاکٹر رحمان اور محمد ریحان کے ساتھ مقامی جمعیۃ علماء کی پوری ٹیم بھی موجود تھی۔وفد کو بتایا گیا کہ سنبھل میں جامع مسجد کے سروے کے دوران پولیس کی فائرنگ میں چار مسلمانوں کی موت اور اس کے بعد مسلم مردوں اور خواتین کی گرفتاری نے ملک کی امن و امان کی صورتحال کو شرمسار کر دیا ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے مقامی دانشوروں سے ملاقات میں اپنے اس یقین کا اعادہ کیا کہ وہ سنبھل کے مظلوم عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے اور جس طرح بلڈوزر توڑ پھوڑ پر سپریم کورٹ نے پابندی لگائی تھی، اسی طرح اس معاملے میں بھی کیا جائے گا۔قصوروار پولیس افسران کے لیے آئین اور قانون کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
Like this:
Like Loading...