نئی دہلی،28نومبر ( ایجنسیز) کیرالہ کے وایناڈ سے ضمنی انتخاب جیتنے والی پرینکا گاندھی نے آج رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے انہیں حلف دلایا۔ اس موقع پر پورا گاندھی خاندان پارلیمنٹ میں موجود تھا۔ اس کے ساتھ ہی گاندھی خاندان کا ایک اور رکن ملک کی پارلیمنٹ میں داخل ہوا ہے۔پرینکا گاندھی لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے والی نہرو خاندان کی 16ویں رکن ہیں۔
ایسا شاید ہی ملک کی پارلیمانی تاریخ میں ہوا ہو جب گاندھی خاندان کا کم از کم ایک رکن لوک سبھا نہ پہنچا ہو۔ ایسے مواقع بھی آئے ہیں جب گاندھی-نہرو خاندان سے تعلق رکھنے والے 5-5 ارکان ایک ساتھ لوک سبھا پہنچے۔ موجودہ لوک سبھا میں راہل گاندھی کے بعد ان کی بہن پرینکا بھی پارلیمنٹ پہنچی ہیں۔ راہل
اور پرینکا کی ماں سونیا گاندھی طویل عرصے تک لوک سبھا کی رکن رہیں مگر اب راجیہ سبھا میں ہیں۔کانگریس امیدوار پرینکا گاندھی نے حال ہی میں وایناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب میں بڑی جیت حاصل کی ہے۔ راہل گاندھی کے وایناڈ سیٹ چھوڑنے کے بعد ان کی بہن پرینکا گاندھی نے یہاں سے الیکشن لڑا تھا۔ تقریباً ساڑھے تین دہائیوں کا سیاسی تجربہ رکھنے والی پرینکا نے پہلی بار انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور وایناڈ سے ضمنی انتخاب لڑا۔
پرینکا گاندھی کافی دیر سے فعال سیاست میں آئیں۔ اس سے پہلے وہ صرف اپنی ماں اور بھائی کے لیے انتخابی مہم چلاتی نظر آتی تھیں۔وہ 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں اپنی والدہ سونیا گاندھی کی انتخابی مہم کی منیجر تھیں اور اپنے بھائی راہل گاندھی کے انتخابی انتظام میں مدد کی تھی۔
وایناڈ سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں پرینکا نے 410931 لاکھ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو 622338 ووٹ ملے تھے۔یہاں، سی پی آئی (ایم) کے ستیان موکیری دوسرے نمبر پر رہے، جنھیں 211407 ووٹ ملے۔ بی جے پی کی نویہ ہری داس 109939 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔
