Skip to content
شام: السویداء شہر سے انتظامیہ کا انخلا، مقامی افراد نے 24 گھنٹے کا کرفیو لگا دیا
دمشق؍دبئی،7دسمبر (ایجنسیز)
سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس اور مقامی نیوز نیٹ ورک نے کہا ہے کہ مسلح دھڑوں کے حملوں کے تناظر میں جنوبی شام میں السویداء گورنری میں گورنر، سکیورٹی افسروں اور دیگر حکام نے گورنری کے اداروں اور مراکز کو خالی کردیا ہے۔ ایجنسی فرانس پریس کے مطابق آبزرویٹری نے کہا کہ شہر کے گورنر اور پولیس، جیل اور بعث پارٹی کے رہنماو?ں نے السویداء شہر میں اپنی انتظامیہ کو چھوڑ دیا ہے۔ مقامی بندوق برداروں نے شہر کے دیہی علاقوں میں سیکیورٹی پوائنٹس کا کنٹرول سنبھال لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ السویداء میں مقامی مسلح افراد نے 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق السویداء میں ایئر فورس انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کے اطراف جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔واضح رہے جمعرات کے روز مسلح دھڑوں نے شام کے چوتھے سب سے بڑے شہر حماۃ کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ حماۃ ملک کے وسط میں واقع ہے۔ 27 نومبر کو شروع ہونے والے حملوں میں اس سے قبل مسلح دھڑوں نے حلب کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تھا۔ ادلب اس سے پہلے سے ہی مسلح دھڑوں کے کنٹرول میں تھا۔
جمعہ کے روز ان گروپوں نے شمالی حمص کے دیہی علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔واضح رہے ھیئہ تحریر الشام اور ترکیہ کے حمایت یافتہ اس کے اتحادی گروپوں نے 27 نومبر کو اپنے مضبوط گڑھ ادلب سے ملک کے شمال مغرب کی جانب حملہ شروع کیا تھا۔ آبزرویٹری کے مطابق ان لڑائیوں میں اب تک 800 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان مسلح گروپوں نے شامی فوج کے 65 سے زائد فوجیوں اور افسران کو مار ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔
Like this:
Like Loading...