شام :عظیم انقلاب فتح سے ہم کنار،بشارالاسد کی مجرمانہ حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا
عوام خوشی سے سرشار، مسلم دنیا میں خوشی کی لہر، بشار نامعلوم مقام پر فرار
شام،8دسمبر( ایجنسیز)
شام کے ٹیلی ویژن نے عظیم انقلاب کی فتح اور صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر ایک پوسٹ نشر کی گئی جس میں لکھا گیا تھا کہ "عظیم انقلاب جیت گیا ہے اور اسد حکومت گر گئی ہے”۔اتوار کے روز شامی مسلح دھڑوں نے اعلان کیا کہ انہوں نے دمشق کو آزاد کرالیا ہے اور صدر بشار الاسد کی 24 سالہ حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے۔

مسلح دھڑوں نے ایک بیان میں کہا کہ "خدا کا شکر ہے کہ دمشق شہر کو آزاد کرایا گیا اور بشار الاسد کا تختہ الٹ دیا گیا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
شام کے ایک باخبر فوجی ذریعے نے رائیٹرز کو بتایا کہ شامی فوج کی قیادت نے مسلح دھڑوں کی جانب سے دارالحکومت دمشق میں داخل ہونے کے اعلان کے بعد حکام کو حکومت کے خاتمے کی اطلاع دی جبکہ شامی فوج کے دو سینئر افسران نے انکشاف کیا کہ صدر بشار الاسد ہوائی جہاز پر نامعلوم منزل کی طرف روانہ ہوگئے ہیں‘‘۔دارالحکومت دمشق کا کنٹرول کھونے اور شامی مسلح دھڑوں کے کنٹرول میں داخل ہونے کے بعد آج صبح بشار الاسد کی حکومت ختم ہوئی۔

