بزم سخن کے زیر اہتمام بین الاقوامی مشاعرہ منعقد
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)
بزم سخن، برطانیہ کے زیر اہتمام ایک بین الاقوامی مشاعرہ کا اہتمام لندن میں آج شام کیا گیا۔ اس کی صدارت معروف علمی شخصیت پروفیسر عقیل دانش نے کی اور مہمان خصوصی برنٹ، لندن کے میئر جناب طارق ڈار تھے۔ اس موقع پر "تعبیر یوسفی” مؤلفہ خلیل الرحمن ایڈوکیٹ اور "دیوان اقبال” مرتبہ پروفیسر اخلاق آہن کی رونمائی ہوئی اور بزم سخن یو کی جانب سے خلیل الرحمن ایڈوکیٹ کی ادبی خدمات کے اعتراف میں سالانہ توصیفی میڈل پیش کیا گیا۔
شامل شعراء میں بطور خاص ڈاکٹر فاطمہ حسن، منظر بھوپالی، خلیل الرحمن ایڈوکیٹ، اخلاق آہن، سید اقبال حیدر، سہیل ضرار خلش، اصغر محبوب، عروج آصف، باقر زیدی قابل ذکر ہیں۔ عدیل برکی نے اپنی خوبصورت آواز میں چیدہ کلام سے محظوظ کیا۔ عابد علی بیگ نے نہایت جاذب انداز میں اس ادبی تقریب اور صاحب صدر کا تعارف کرایا ۔ اس میں پر بڑی تعدادمیں لندن میں مقیم اہل ادب اور اردو کے شائقین نے شرکت کی۔
ان میں بطور خاص اردو مرکز کے صدر ڈاکٹر جاوید شیخ، معروف صحافی دردانہ انصاری، حسن ظفر زیدی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ بزم سخن، برطانیہ کے صدر اور اس تقریب کے روح و رواں سہیل ضرار نے نظامت کی ذمہ داری بھی بحسن وخوبی انجام دیا۔