Skip to content
نئی دہلی،22؍ڈسمبر( ایجنسیز)مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے لیے پارلیمنٹ میں ڈاکٹر امبیڈکر سے متعلق متنازعہ بیان دینا بھاری پڑ گیا ہے۔ کانگریس لگاتار ان سے معافی کا مطالبہ کر رہی ہے اور وزارتی عہدہ سے استعفیٰ بھی مانگ رہی ہے۔ اس کے لیے کانگریس نے اپنی مہم کو مزید تیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس نے ہفتہ کے روز کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی بے عزتی ناقابل برداشت ہے اور اب سڑک پر اتر کر امت شاہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
کانگریس نے آئندہ ہفتہ کو ’امبیڈکر سمّان ہفتہ‘ کی شکل میں منانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں 22 سے 24 دسمبر تک کی سرگرمی سے متعلق جانکاری بھی کانگریس نے دے دی ہے۔کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور سینئر لیڈران 22 اور 23 دسمبر کو ملک کے الگ الگ شہروں میں پریس کانفرنس کریں گے۔ اس پریس کانفرنس میں امت شاہ کے ذریعہ کی گئی ڈاکٹر امبیڈکر کی بے عزتی کا حوالہ دیتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ 24 دسمبر کو ہر ضلع میں ’امبیڈکر سمّان مارچ‘ نکالا جائے گا۔
اتنا ہی نہیں، کانگریس بیلگاوی میں آئندہ ہفتہ مجوزہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں بھی ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں کے تئیں اپنے عزائم دہرائے گی۔
کے سی وینوگوپال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کی مانگ کو لے کر ہماری تحریک جاری رہے گی۔ ہم منوسمرتی کی پوجا کرنے والوں کے خلاف ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی وراثت کی حفاظت کے لیے لڑیں گے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’کانگریس آئندہ ہفتہ کو ڈاکٹر امبیڈکر سمّان ہفتہ کی شکل میں منائے گی۔ سبھی کانگریس اراکین پارلیمنٹ، سینئر لیڈران اور سی ڈبلیو سی اراکین 23-22 دسمبر کو ملک بھر میں اپنے انتخابی حلقوں اور ضلع ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس کو خطاب کریں گے۔‘‘
Like this:
Like Loading...