Skip to content
روس،26دسمبر( ایجنسیز) رواں ماہ آٹھ دسمبر کو روس فرار ہونے والے سابق شامی صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماء الاسد کی بیماری ایک بار پھر منظر عام پر آ گئی ہے۔ اسماء اس بات کی تردید کر چکی ہیں کہ انھوں نے اپنے شوہر سے طلاق کامطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسماء خون کے شدید سرطان کے سبب بیمار ہیں۔ ڈاکٹروں نے ان کے زندہ رہنے کا 50/50 امکان ظاہر کیا ہے۔ یہ بات برطانوی اخبار "ٹیلی گراف” نے بتائی۔
اخبار کے مطابق اسماء کی بیماری کے سبب ان کو اب تنہا رکھا جائے گا اور وہ دوسرے لوگوں کے ساتھ ایک ہی کمرے میں نہیں رہ سکتیں۔
برطانوی نیوز ایجنسی PA Media کے مطابق اس طرح کی خبریں بھی گردش میں ہیں کہ اسماء اب اپنے والد فواز الاخرس کے زیر نگہداشت ہیں۔ الاخرس ہیرلی اسٹریٹ میں ایک معروف ماہر قلب معالج ہیں۔
برطانیہ میں پیدا ہونے والی اسماء الاسد اور ان کے بچے سابق صدر بشار الاسد سے پہلے ہی دمشق سے روس چلے گئے تھے۔
رواں سال مئی میں شامی ایوان صدارت نے اعلان کیا تھا کہ اس وقت کی خاتون اول اسماء الاسد کو خون کے شدید سرطان کی تشخیص کی گئی ہے۔ یہ سرطان ہڈیوں کے گودے اور خون کو متاثر کرتا ہے۔ اس سے پہلے اسماء الاسد چھاتی کے سرطان کا علاج بھی کرا چکی ہیں۔ سال 2019 میں اعلان کیا گیا تھا کہ ایک برس کے علاج کے بعد خاتون اول صحت یاب ہو گئی ہیں۔
کچھ عرصہ قبل ماسکو میں کرملن ہاؤس نے ترک میڈیا کی ان رپورٹوں کی تردید کر دی جن میں کہا گیا تھا کہ سابق شامی صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماء الاسد نے اپنے شوہر سے طلاق اور روس سے کوچ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ چند روز سے ترک اور بین الاقوامی میڈیا میں یہ خبریں آ رہی تھیں کہ اسماء الاسد نے اپنے شوہر سے علاحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے جس سے انھیں لندن واپسی کا موقع مل سکے گا۔ رپورٹوں میں یہ بھی کہا گیا کہ اسماء الاسد روسی دار الحکومت ماسکو میں اپنی زندگی سے خوش نہیں ہیں تاہم اسماء نے اس رپورٹوں کی تردید کر دی۔
Like this:
Like Loading...