Skip to content
اجمیر،26دسمبر(ایجنسیز)جمعرات کی صبح اجمیر شریف درگاہ کے ارد گرد اجمیر میونسپل کارپوریشن دہلی گیٹ اور اطراف کے قریب تجاوزات ہٹانے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی۔ سڑکوں کے کناروں اور نالوں پر غیر قانونی تعمیرات گرائے جانے سے اہل علاقہ میں غم و غصہ ہے۔ احتجاج کے دوران پولیس اور لوگوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے علاقے میں پولیس کی بھاری تعیناتی کر دی گئی ہے۔
بلڈوزر کی آواز سنتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔
میونسپل کارپوریشن نے یہ کارروائی خواجہ غریب نواز کے 813ویں عرس سے قبل کی تھی۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم صبح سویرے پولیس فورس کے ساتھ پہنچی اور بلڈوزر کا استعمال کرتے ہوئے تجاوزات کو ہٹانا شروع کر دیا۔ بلڈوزر کی آواز سنتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور نعرے بازی شروع کر دی۔ کچھ لوگ بلڈوزر کے سامنے کھڑے ہوگئے جنہیں پولیس نے ہٹانے کی کوشش کی تاہم اس دوران جھڑپیں بھی ہوئیں۔
میونسپل کارپوریشن نے درگاہ کے علاقے میں سڑکوں اور نالوں پر بنی دکانوں کو مسمار کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عرس کے دوران ہندوستان اور بیرون ملک سے آنے والے عقیدت مندوں کو تجاوزات کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے تجاوزات کو ہٹایا گیا۔(بشکریہ:آواز دی وائس)
Like this:
Like Loading...