حیدرآباد، 30دسمبر (ایجنسیز) سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کیس میں اداکار اَلّو ارجن کے خلاف کارروائی کے بارے میں آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور پولیس کو لوگوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ جناسینا پارٹی کے صدر پون کلیان نے تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ستائش کی ہے۔انہوں نے اَلّو ارجن کو یہ بھی مشورہ دیا کہ انہیں پہلے بھگدڑ میں ہلاک ہونے والی خاتون کے اہل خانہ سے ملنا چاہیے تھا۔
منگل گری میں پیر (30 دسمبر، 2024) کو صحافیوں کے ساتھ ایک غیر رسمی بات چیت میں، فلم اداکار کلیان نے 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعے پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ دراصل اَلّو ارجن پشپا 2 کی اسکریننگ کے لیے سندھیا تھیٹر پہنچے تھے۔ فلمسٹار کی آمد سے وہاں افراتفری مچ گئی۔ اس واقعہ میں 35 سالہ خاتون ریوتی کی موت ہوگئی اور اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔ اس کے فوراً بعد حیدرآباد پولیس نے الو ارجن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اسے گرفتار کر لیا گیا اور کچھ عرصے بعد ضمانت مل گئی۔آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ افسران کے لیے عوامی تحفظ کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ایسے واقعات میں پولیس سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرتی ہے۔ تاہم تھیٹر کے عملے کو اللو ارجن کو صورتحال کے بارے میں پہلے سے آگاہ کر دینا چاہیے تھا۔ ایک بار جب اس نے اپنی نشست سنبھال لی تو افراتفری کو سنبھالنا مشکل ہوگیا۔
خاص بات یہ ہے کہ پون کلیان اَلّوارجن کے رشتہ دار ہیں۔ جب پون کلیان سے پوچھا گیا کہ اداکار اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے کیا کر سکتے تھے تو پون کلیان نے کہاکہ بہتر ہوتا اگراَلّوارجن متاثرہ کے خاندان سے پہلے مل لیتے، اس سے تناؤ کم ہوتا۔ فلم اداکار پون کلیان نے بتایا کہ ان کے بڑے بھائی چرنجیوی بھی ان کی فلموں کی نمائش میں آتے تھے؛لیکن وہ اکثر ہنگامہ آرائی سے بچنے کے لیے ماسک پہنتے تھے۔
