Skip to content
حیدرآباد ،30دسمبر ( ایجنسیز ) تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے پیر کو ایک بڑا اعلان کیا ہے کہ حیدرآباد مالیاتی ضلع میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعظم کا گزشتہ ہفتے انتقال ہو گیا تھا، اور آج تلنگانہ اسمبلی میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اسمبلی کے اسپیکر جی۔ پرساد کمار نے آج صبح 10 بجے اسمبلی کی کارروائی شروع کرنے کے فوراً بعد، سی ایم ریونت ریڈی نے منموہن سنگھ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔ ریڈی نے سال 2014 میں ایک نئی ریاست کے طور پر تلنگانہ کی تشکیل میں منموہن سنگھ کے رول پر بھی اظہار تشکر کیا۔
تاہم اس اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ کے۔ چندر شیکھر راؤ نے شرکت نہیں کی۔اس دوران سی ایم ریڈی نے کہا کہ اسمبلی ایک قرارداد بھی پاس کرے گی جس میں مرکزی حکومت سے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھارت رتن سے نوازنے کی درخواست کی جائے گی۔ تلنگانہ کی تشکیل منموہن سنگھ کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کی دوسری مدت کے دوران ہوئی تھی۔ اسمبلی کا سرمائی اجلاس 21 دسمبر کو یہاں ختم ہوا۔اسمبلی کے اجلاس کے دوران، سی ایم ریڈی نے اعلان کیا کہ ہم نے حیدرآباد مالیاتی ضلع میں منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہم تمام ممبران اسمبلی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی تجاویز دیں کہ ان کا مجسمہ کہاں نصب کیا جائے۔ ہمیں لگتا ہے کہ تلنگانہ کی سرزمین پر منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنا مناسب ہوگا۔منموہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کا انتقال ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ سابق وزیر اعظم نے ملک کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنانے پر مسلسل توجہ مرکوز رکھی۔ وہ ان اولین لوگوں میں سے ایک ہیں جنہیں معاشی اور سیاسی معاملات میں رول ماڈل کے طور پر لیا جاتا ہے۔ انہوں نے جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہمارے ساتھ بطور ممبر پارلیمنٹ دہلی میں ہونے والے مظاہروں میں حصہ لیا۔ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جسے ہم عمر بھر یاد رکھیں گے۔
Like this:
Like Loading...