Skip to content
راہل گاندھی کے لیے سیاست میں سرگرم رہنا ضروری:برج بھوشن شرن سنگھ
لکھنؤ، یکم جنوری (ایجنسیز)
یوپی کے گونڈا سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہل گاندھی پر اہم تبصرہ کیا ہے۔ سنگھ نے کہا ہے کہ انہیں سیاست میں سرگرم رہنا چاہیے۔ اس کے علاوہ برج بھوشن سنگھ نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے اسمارک پر ہونے والی سیاست پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔ بی جے پی لیڈر برج بھوشن شرن سنگھ نے کہاکہ اپوزیشن اور راہل گاندھی کا سیاست میں سرگرم رہنا بہت ضروری ہے، انہیں ایسے ایشوز اٹھانے چاہیے، جس سے لوگوں کو فائدہ ہو۔سابق وزیر اعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ میموریل تنازعہ پر بی جے پی لیڈر نے کہاکہ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے اور جب حکومت اسے منظور کرتی ہے ،اس کے بعد یہ لوگ سیاست نہ کریں۔ اور میں مسلسل دیکھ رہا ہوں کہ راہل گاندھی یا کانگریس ایسے مسائل اٹھا رہے ہیں جن سے عوام کو کوئی سروکار نہیں ہے۔ اسے عوام کے مسائل اٹھانے چاہئے۔بی جے پی لیڈر نے پوچھاکہ کیا آپ کو یاد نہیں کہ آپ نے نرسمہا راؤ جی کی کتنی توہین کی تھی؟ آپ چاہتے تھے کہ دہلی میں آپ کے خاندان کے علاوہ کسی کااسمارک نہ بنایا جائے، ایسی بچگانہ حرکتیں بند کریں۔ آنجہانی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی یادگار بنانے کے کانگریس کے مطالبے پر برج بھوشن سنگھ نے کہاکہ بھگوان کرے کہ کانگریس اور راہل گاندھی 2025 میں سنجیدہ ہو جائیں کیونکہ ملک کو ان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت پہلے ہی اس کی منظوری دے چکی ہے، یا جب وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اپنی بات کہہ کر منظوری دے دی ہے تو یہ لوگ مزید کیا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ آنجہانی سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا گزشتہ ماہ دہلی کے ایمس میں انتقال ہو گیا تھا۔
Like this:
Like Loading...