Skip to content
نتیش کیلئے دروازے کھلے ، ان کی تمام غلطیاں معاف کر کے گلے لگائیں گے: لالو یادو
پٹنہ،2جنوری (ایجنسیز)
راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے نئے سال کے موقع پر نتیش کمار کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ بیٹے تیجسوی یادو کے بیان کو پلٹتے ہوئے لالو پرساد یادو نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ایک بار پھر ان کے ساتھ اتحاد کرتے ہیں تو ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ لالو یادو کا یہ بیان اس لیے سرخیوں میں ہے کیونکہ مکر سنکرانتی کے آس پاس بہار کی سیاست میں اکثر کوئی نہ کوئی سیاسی کھیل ہوتا رہتا ہے۔ نئے سال کے موقع پر بہار کے ایک مقامی یوٹیوب چینل سے بات کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہاکہ نتیش کمار آتے ہیں تو ساتھ کیوں نہیں لے جاتے، ساتھ رہیں اور کام کریں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر نتیش کمار آتے ہیں تو کیا آر جے ڈی ان کے ساتھ اتحاد کرے گی؟ اس پر لالو نے کہاکہ ہاں، ہم انہیں اپنے ساتھ رکھیں گے۔ تمام غلطیاں معاف کر دیں گے، معاف کرنا ہمارا فرض ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے آئین ساز بھیم راؤ امبیڈکرپر بیان اور بھوجپوری گلوکارہ دیوی کو پٹنہ میں مہاتما گاندھی کا بھجن گانے سے روکنے پر بی جے پی کارکنوں کے بیان پر لالو پرساد یادو نے کہا کہ یہ سب دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی ہے۔ امت شاہ کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔
انہوں نے بابا صاحب کے بارے میں جو تضحیک آمیز باتیں کہی ہیں، ہم ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔خاص طور پر سنبھل اور اتر پردیش کے دیگر اضلاع میں مسجد کے اندر مندر کی تلاش کے لیے جاری کھدائی کے تناظر میں لالو یادو نے کہا کہ یہ بالکل غلط ہے۔ مندر اور مسجد جیسی تمام چیزوں کو ختم کرکے ملک کو آگے بڑھنا چاہیے۔بہار کے نئے مقرر کردہ گورنر عارف محمد خان کے خود نئے سال کے موقع پر رابڑی دیوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملنے آنے کے سوال پر لالو یادو نے کہا کہ یہ بالکل خاندانی ملاقات تھی۔ ہم نے انہیں نئے سال کی مبارکباد دی۔ وہ ہمارے ساتھ ر ہے ہیں،عارف صاحب سے ہمارا بہت پرانا رشتہ ہے۔
Like this:
Like Loading...