Skip to content
تعلیم کے بغیر قوم کی ترقی ناممکن،تعلیمی وظائف کا اعلان اہم قدم: مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی،6جنوری (ایجنسیز)
صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر میں تعلیمی سال 2024-25 کے لئے باضابطہ طور پر تعلیمی وظائف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر آج کی دنیامیں کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی اور ہمیں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو مذہبی اوراخلاقی تعلیم بھی دینی چاہئے تاکہ وہ آگے چل کر اپنی عملی زندگی میں ایک کامیاب انسان ہی نہیں ایک اچھاانسان بھی بن سکیں۔ انہوں نے کہاکہ، ہمیں ایسے اسکولوں اورکالجوں کی اشدضرورت ہے جن میں دینی ماحول میں ہمارے بچے اعلیٰ دنیا وی تعلیم کسی رکاوٹ اور امتیازکے بغیر حاصل کرسکیں۔انہوں نے قوم کے بااثرافرادسے یہ اپیل بھی کی کہ جن کو اللہ نے دولت دی ہے وہ زیادہ سے زیادہ لڑکے اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ ایسے اسکول و کالج بنائیں جہاں بچے دینی ماحول میں آسانی سے اچھی تعلیم حاصل کرسکیں۔واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند اور ایم ایچ اے مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ دیوبند 2012 سے میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونے والے غریب طلباء کو اسکالر شپ فراہم کررہی ہے اسی اسکیم کے تحت ہر سال انجینئرنگ، میڈیکل،ایجوکیشنل، جرنلزم سے متعلق یا کسی بھی ٹیکنیکل، پروفیشنل کورس میں زیر تعلیم مالی طور پر کمزور ایسے طلبہ کو اسکالرشب دی جاتی ہے جنہوں گزشتہ سال کے امتحان میں کم از کم 75% فیصد نمبر حاصل کئے ہوں۔ رواں سال 2024-25 کے لئے اسکالر شپ فارم جمع کرنے کی تاریخ 15 جنوری 2025 ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران مختلف کورسز میں منتخب ہونے والے925 طلباء کو اسکالرشپ دی گئی تھی، جن میں ہندو طلبا ء بھی شامل تھے۔یہ اس بات کاعملی ثبوت ہے کہ جمعیۃ علماء ہندمذہب کی بنیاد پر کوئی کام نہیں کرتی۔اہم بات یہ ہے کہ طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اب اسکالرشپ کی رقم بڑھا کر دو کڑوڑ کر دی گئی ہے۔جمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا ارشدمدنی نے کہا کہ ان وظائف کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں انتہائی مسرت کا احساس ہورہا ہے کہ ہماری اس ادنی سی کوشش سے بہت سے ایسے ذہین اور محنتی بچوں کا مستقبل کسی حدتک سنورسکتاہے جنہیں مالی پریشانیوں کی وجہ سے اپنے تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے میں سخت دشواریوں کاسامنا کرنا پڑتا تھا۔
Like this:
Like Loading...