Skip to content
ممبئی ،9جنوری (ایجنسیز) فلم ’’ایمرجنسی‘‘ میں اندرا گاندھی کا کردار ادا کرنے والی کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کو بہت مضبوط خاتون سمجھتی تھیں لیکن گہرے مطالعہ کے بعد اب انہیں یقین ہے کہ وہ ’’کمزور‘‘ تھیں۔ ہماچل پردیش کے منڈی سے پہلی بار لوک سبھا کی ممبر کنگنا اکثر اپنے متنازعہ بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کوئی بھی ڈائریکٹر ان کے لائق نہیں ہے۔
کنگنا رناوت نے مقبول فلم ’’ایمرجنسی‘‘ کی ریلیز سے قبل کہا کہ میں بڑے فخر سے کہہ رہی ہوں کہ آج فلم انڈسٹری میں ایک بھی ہدایت کار نہیں ہے جس کے ساتھ میں کام کرنا چاہتی ہوں۔ کیونکہ اس میں وہ خوبی نہیں ہیکہ میں اس کے ساتھ کام کرنے پر راضی ہو سکوں۔کنگنا نے فلم ’’ایمرجنسی‘‘ کی ہدایت کاری اور پروڈیوس کی ہے، جس میں اس وقت کے وزیراعظم کی جانب سے 1975 میں لگائی گئی 21 ماہ کی ایمرجنسی کو دکھایا گیا ہے۔
رناوت نے کہا کہ جب تک میں نے اس فلم پر کام شروع نہیں کیا، میں سمجھتی تھی کہ اندرا گاندھی بہت مضبوط ہیں لیکن جب میں نے مطالعہ کیا تو میں سمجھ گئی کہ وہ اس کے بالکل برعکس ہیں۔ اس سے میرے یقین کو تقویت ملی کہ آپ جتنے زیادہ کمزور ہیں، آپ اتنا ہی زیادہ کنٹرول چاہتے ہیں۔ وہ بہت کمزور انسان تھیں۔ انہیں خود پر یقین نہیں تھا اور وہ واقعی کمزور تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ارد گرد بہت سی بیساکھییں تھیں اور وہ مسلسل کسی نہ کسی طریقے سے خود کو درست ثابت کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، وہ بہت سے لوگوں پر منحصر تھیں، جن میں سے ایک سنجے گاندھی تھے۔بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنی فلم میں اندرا گاندھی اور ایمرجنسی کی تصویر کشی میں اپنی طرف سے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
رناوت نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اندرا گاندھی کی پوتی اور ممبر پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا سے پارلیمنٹ میں ملاقات کی اور فلم کے بارے میں بات کی۔ پرینکا کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت کو یاد کرتے ہوئے، رناوت نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں مسز پرینکا گاندھی سے ملاقات کی اور انہوں نے میرے کام اور میرے بالوں کی تعریف کی۔
فلم ایمرجنسی 17 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔ یہ فلم مہینوں پہلے ریلیز ہونا تھی ؛لیکن سنسر سرٹیفکیٹ کے مسائل کی وجہ سے ریلیز نہیں ہو سکی۔ یہ فلم اصل میں 6 ستمبر 2024 کو ریلیز ہونے والی تھی۔
Like this:
Like Loading...