Skip to content
تعلیم یافتہ بے روزگاروں کیلئے کانگریس کا کو اپرنٹس شپ کا وعدہ
نئی دہلی ،12جنوری (آئی این ایس انڈیا )
دہلی اسمبلی انتخابات جیتنے کے لیے سیاسی جماعتیں متعدد ضمانتوں کا اعلان کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس نے اتوار کو تیسری ضمانت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان نوجوانوں کے لیے کیا گیا ہے۔ کانگریس نے اتوار (12 جنوری) کو اعلان کیا کہ اگر وہ اقتدار میں آتی ہے تو وہ ’یووا اڑان یوجنا‘ کے تحت قومی راجدھانی میں ہر تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ایک سال کے لیے 8,500 روپے دے گی۔ قومی دارالحکومت میں دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے ے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے ایک پریس کانفرنس میں اس منصوبے کا اعلان کیا سچن پائلٹ نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات بہت اہم ہیں۔
ہمارے کارکنان اور رہنما ان انتخابات میں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔ ہم نے عوام کے درمیان جا کر ان کے مسائل سنے، پھر ماہرین سے ان مسائل پر بات کرنے کے بعد اب گارنٹی دے رہے ہیں۔ پورے ملک میں نوجوان پریشان ہیں۔ دہلی میں نوجوانوں کی حالت بھی تشویشناک ہے، لیکن مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے نوجوانوں پر توجہ نہیں دی۔ہم ان نوجوانوں کو مالی مدد فراہم کریں گے جو کسی کمپنی، فیکٹری یا تنظیم میں اپنی صلاحیتیں دکھا سکتے ہیں۔ انہیں ان کمپنیوں کے ذریعے پیسے ملیں گے۔ یہ کوئی اسکیم نہیں ہے جس کے تحت آپ کو گھر بیٹھے پیسے ملیں گے۔ ہم ان علاقوں میں لوگوں کو شامل کرنے کی کوشش کریں گے جہاں انہوں نے تربیت حاصل کی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے صرف ایک دوسرے پر الزامات لگائے، اپنے وعدے پورے نہیں کیے اور عوام کو بھول گئے، لیکن کانگریس اپنی ذمہ داری کو سمجھتی ہے۔ اس لیے، ہم پورے عزم کے ساتھ گارنٹی پیش کر رہے ہیں، کیونکہ عوام جانتی ہے کہ ہم جو کہتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔کانگریس کی یہ اسکیم دہلی انتخابات سے قبل اعلان کردہ تیسری اسکیم ہے۔ 6 جنوری کو کانگریس نے پیاری دیدی یوجنا کا اعلان کیا، جس میں خواتین کے لیے 2500 روپے کی ماہانہ مالی امداد کا وعدہ کیا گیا تھا،8 جنوری کو، پارٹی نے ’جیون رکھشا یوجنا‘ کا اعلان کیا، جس کے تحت 25 لاکھ روپے تک کے مفت ہیلتھ انشورنس کا وعدہ کیا گیا تھا۔70 سیٹوں والی دہلی اسمبلی کے لیے اگلے مہینے کی 5 تاریخ کو ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی8 فروری کو ہوگی۔
Like this:
Like Loading...