Skip to content
بھاجپا امیدوار پرویش ورما کیخلاف ہوگی کارروائی، کمیشن نے دی دہلی پولیس کو ہدایات
نئی دہلی ،14جنوری (آئی این ایس انڈیا)
الیکشن کمیشن نے نئی دہلی سے بی جے پی امیدوار پرویش ورما کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے دہلی پولیس سے پرویش ورما کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے رقم کی تقسیم کے معاملے میں کارروائی کرنے کے لئے دہلی پولیس کو ہدایات دی ہیں۔ خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی، ان کے پنجاب کے ہم منصب بھگونت مان، عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور ایم پی سنجے سنگھ اور دیگر کی قیادت میں اے اے پی کے ایک وفد نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور ورما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔بی جے پی لیڈر پرویش ورما قومی راجدھانی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں نئی دہلی سیٹ سے سابق وزیر اعلی اور عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔ اروند کیجریوال 2013 سے نئی دہلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں اور مسلسل چوتھی بار اس حلقے سے AAP کے امیدوار ہیں۔
اس سے قبل اروند کیجریوال نے نئی دہلی میں خواتین میں 1100 روپے تقسیم کرنے پر پرویش ورما کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اے اے پی نے پرویش ورما کے خلاف ای ڈی میں بھی شکایت درج کرائی، جس میں الزام لگایا گیا کہ انتخابات سے قبل اروند کیجریوال کے حلقے میں نقدی تقسیم کی جا رہی تھی۔ پارٹی نے ایجنسی سے ورما کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب پرویش ورما نے کہا کہ یہ رقم ان کے والد صاحب سنگھ ورما کی قائم کردہ سماجی تنظیم راشٹریہ سوابھیمان نے خواتین کو دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضرورت مند خواتین کی مدد جاری رکھیں گے۔
70 رکنی دہلی اسمبلی کے انتخابات فروری میں ہونے ہیں۔ کانگریس نے نئی دہلی سے تین بار دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کے بیٹے سندیپ دکشت کو میدان میں اتارا ہے جبکہ بی جے پی نے اس سیٹ سے پرویش ورما کو میدان میں اتارا ہے۔ پیر کو پرویش ورما نے اسمبلی حلقہ میں رابطہ مہم چلائی۔ انہوں نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ آج میں نے ہنومان مندر، کناٹ پلیس کے پیچھے سڑک پر واقع آر ڈبلیو اے کے ممبران سے ملاقات کی، ہر کوئی اس بار دہلی میں تبدیلی چاہتا ہے کیونکہ ہمارا ایک وژن ہے۔ یہ مشن دہلی کی ترقی کا ہے اور ہم وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہلی کو خوشحال بنائیں گے۔
Like this:
Like Loading...