Skip to content
امانت اللہ خان نے کانگریس کو مسلمانوں کا دشمن قرار دیا، آپ کی جیت کا یقین
نئی دہلی، 17جنوری (آئی این ایس انڈیا )
دہلی اسمبلی الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر سے کانگریس کے امیدواروں کی فہرست تیارہوئی ہے تاکہ مسلم ووٹوں کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے اوربی جے پی کے لئے راستہ ہموارہوسکے۔ یہ بات امانت اللہ خاں نے میڈیا اہلکاروں سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے اروند کیجریوال کے ذریعہ خواتین کو 2100 روپئے دینے کے اعلان کی مخالفت کرنے والوں کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس غریب بے سہارا خواتین کوخوشی کا ایک پل بھی دینے کے خلاف ہے اور یہ استحصالی رویہ ہے۔اوکھلا کے موجودہ رکن اسمبلی نے کہا کہ کانگریس اور بے جی پی سکہ کے دو رخ ہیں۔ کانگریس نے جوکہا، بی جے پی نے وہ کیا۔ بابری مسجد کی شہادت اس کی زندہ مثال ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس ملک میں مسلمانوں کی تباہی اوربربادی کی ذمہ دارکانگریس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچرکمیٹی کی رپورٹ اس کا ثبوت ہے۔ کانگریس کے ذریعہ تیارکردہ سچرکمیٹی کی رپورٹ اس بات کی گواہ ہے کہ ملک میں مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی بدترہے۔امانت اللہ خاں نے کہا کہ کجریوال ظلم ناانصافی کیخلاف ایک تحریک کا نام ہے۔ انھوں نے کہا کہ مذھب کے نام پرتفریق پیدا کرکے سیاست کرنے والے جمہوری نظام کے دشمن ہیں۔
کانگریس نے مسلمانوں کا استعمال اپنی سیاسی ہانڈی تیارکرنے کے لئے ایندھن کی طرح کیا، اس لئے ملک کی دوسری بڑی آبادی کے خلاف سازش رچنے والوں سے عوام ووٹ کے ذریعہ انتقام لیں گے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹوں کی تقسیم سے خودکوکمزورنہ کریں اوراپنی صفوں میں کالی بھیڑوں کوپہچانیں، قوم کے لوگ ’’ میرجعفر ‘‘اور’’میرصادق‘‘ سے ہوشیاررہیں اوران لوگوں کو مایوس نہ کریں جوعوام کی خوشحالی کیلئے برسرپیکارہیں۔ انھوں نے کہا کہ مسلم اکثریتی حلقوں میں امیدواروں کی کثرت دراصل مسلمانوں کو کمزور کرنے کے لئے ہے۔
Like this:
Like Loading...