Skip to content
امت کی ترقی میں خواتین کا رول نہایت اہم:محترمہ اسماء ندیم
آل انڈیا مسلم ویمن ایسوسی ایشن کا حیدرآباد میں عظیم الشان خواتین کانفرنس 2025 کا انعقاد،نامور علماء و دانشوران کی شرکت و خطاب متوقع
حیدرآباد،18جنوری( پریس نوٹ)
آل انڈیا مسلم ویمن ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام “ملت کے تحفظ اور ترقی میں خواتین کا رول” کے عنوان پر خواتین کے لئے ایک عظیم لشان کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو 21 جنوری 2025 بروز منگل، صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک، بنجارہ ہلز، حیدرآباد، تلنگانہ میں منعقد ہوگا۔
خواتین قوم کا 50 فیصد حصہ ہیں، ان کی تعلیم، تربیت، تحفظ، خودمختاری،تشخص اور ترقی قوم کا تحفظ اور بقا و استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ موجودہ دور میں خواتین کا رول اس وقت اور زیادہ اہم ہو گیا ہے، جب تشخص، تحفظ، ترقی اور نشو و نما کے حوالے سے چیلنجز بڑھتے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار کانفرنس کی کنوینر محترمہ اسماء ندیم صاحبہ نے ایک پریس بیانیہ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا، دینی تربیت حاصل کرنا، اور اسلامی شعور سے آراستہ ہونا نہایت ضروری ہے، کیونکہ ایک خاتون نہ صرف اپنے بلکہ پورے خاندان کی تعلیم و تربیت اور دینی اقدار کے فروغ کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ خواتین کی صلاحیتوں اور شعور کا براہ راست اثر آئندہ نسلوں کی تشکیل اور معاشرے کی تعمیر و ترقی پر پڑتا ہے۔
کانفرنس میں درج ذیل معزز خواتین و حضرات خطاب فرمائیں گے۔ مولانا عبیداللہ اعظمی صاحب پہلے نائب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و سابق ممبر پارلیمنٹ، جناب محمد ادیب صاحب (صدر انڈین مسلمز فار سول رائٹس، سابق ممبر پارلیمنٹ، نئی دہلی)، مولانا عارف کلیم مدنی (ماہر تعلیم، پرنسپل جامعہ اہل سنت والجماعت)، جناب مشتاق ملک صاحب (صدر تحریک مسلم شبان، انسانی حقوق کے کارکن)، محترمہ اسماء شاہ (سابق پرنسپل انڈین اسکول، ریاض)، محترمہ یاسمین فاروقی (جنرل سکریٹری، ویمن انڈیا موومنٹ، جے پور)، محترمہ محسنہ اکبانی (استاذ قرآن و بانی ممبر اتقویٰ انسٹی ٹیوٹ، ناگپور)، محترمہ زینت مہتاب (سماجی کارکن، نئی دہلی)، محترمہ ڈاکٹر رابعہ مُلا (ماہر تعلیم، کولہاپور، مہاراشٹرا، محترمہ شاداب قمر (سابق پرنسپل، گورنمنٹ اسکول، غازی آباد)، ڈاکٹر اسماء زہرہ صاحبہ (صدر آل انڈیا مسلم ویمن ایسوسی ایشن، محترمہ شمیم فاطمہ (صدر آل انڈیا مسلم ویمن ایسوسی ایشن تلنگانہ)، محترمہ تنہیات اثر (نائب صدر آل انڈیا مسلم ویمن ایسوسی ایشن تلنگانہ) اور دیگر اہم خواتین و طالبات۔
محترمہ اسماء ندیم (کنوینر خواتین کانفرنس 2025) اور محترمہ رابعیہ تبسم (جوائنٹ کنوینر) نے تلنگانہ اور قرب و جوار کی ریاستوں کے اضلاع کی ذمہ دار خواتین امت اسلامیہ بالخصوص طالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کانفرنس میں بڑی تعداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور شرکت کریں تاکہ انہیں آنے والے چیلنجز، ان کے کردار و ذمہ داریوں اور ملت کے مسائل کے حل کے حوالے سے آگاہی حاصل ہو۔
مزید معلومات کے لیے 9966188822 پر رابطہ کریں۔
Post Views: 1
Like this:
Like Loading...