Skip to content
برسلز،18جنوری (ایجنسیز) یورپی یونین میںبحرانی امور سے متعلق انتظامیہ کی خاتون سربراہ الحاجہ لحبیب نے جمعے کے روز شام اور ہمسایہ ممالک کے لیے 23.5 کروڑ یورو (24.2 کروڑ ڈالر) کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔جنیوا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الحاجہ نے زور دیا کہ یہ فیصلہ اس امر کو ظاہر کرتا ہے کہ یورپی یونین متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔اس سے قبل یورپی یونین کی خاتون ذمے دار نے شام میں عبوری مرحلے کے قائد احمد الشرع سے دمشق میں ملاقات کی تھی۔
الحاجہ کے مطابق یورپ کی جانب سے پیش کی جانے والی امداد میں 12 کروڑ یورو شام کے لیے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دمشق میں الشرع کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں شام پر یورپی ممالک کی پابندیوں میں نرمی کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔ اس حوالے سے نرمی میں ٹرانسپورٹ، آئل اور گیس سیکٹر کے علاوہ بینکاری کی بعض سرگرمیاں شامل کرنے پر بات ہوئی۔
اجلاس کے شرکاء نے باور کرایا کہ یہ فیصلہ شام میں اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کے احترام کی تدابیر پر عمل درآمد کے ساتھ مشروط ہے۔توقع ہے کہ 27 جنوری 2025 بروز پیر ہونے والے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مذکورہ پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب یورپی یونین نے شام پر سے پابندیاں مکمل طور پر اٹھانے کے حوالے سے اپنی شرائط کے بارے میں بات کی ہے۔فرانس کے وزیر خارجہ جان نویل بارو اور ان کی جرمن ہم منصب نے دو ہفتے قبل دمشق کا دورہ کیا تھا۔ انھوں نے شام کے تمام طبقات کے لیے ایک جامع حکومت کی تشکیل کے علاوہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا تھا۔
Like this:
Like Loading...