Skip to content
امانت اللہ خان کا اویسی پر طنز،دہلی فسادات کے دوران ’صاحب‘ کہاں تھے
نئی دہلی ،25جنوری (آئی این ایس انڈیا)
دہلی اسمبلی انتخابات میں اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار امانت اللہ خان نے اسد الدین اویسی پر اپنے خلاف امیدوار کھڑا کرنے پر تنقید کی اور کہا کہ وہ بی جے پی کی جیت کو یقینی بنانے آئے ہیں۔ امانت اللہ خان نے کہا کہ جب دہلی میں فسادات ہوئے تو اسد الدین اویسی کہاں تھے۔انتخابی مہم کے دوران ا وکھلا کے ایم ایل اے امانت اللہ نے کہاکہ میں نے خود کو قربان کر دیا۔ اسد الدین اویسی کی قربانی کیا ہے؟ وہ دہلی فسادات کے دوران کہاں گئے تھے، وہی ہیں جو آپ کی سیٹ بی جے پی کو پہنچانے والے ہیں، یہ آپ کا ہمدرد ہوگا۔ وہ آپ کے لیڈر کو شکست دینے آئے ہیں ،جس سے پورا ملک واقف ہے۔
اوکھلا ایم ایل اے امانت اللہ خان نے کہاکہ مجھے امید تھی کہ میں نے آپ کی لڑائی لڑی ہے،تو آپ میرے خلاف کسی کو نہیں لڑائیں گے، لیکن مجھے اس دن افسوس ہوا جب آپ مجھے ہرانے آ گئے۔ شہاب الدین ختم ہو گئے، مختار انصاری ختم ہو گئے، کون ہے لڑائی لڑنے کے لیے، ووٹ کاٹنے والی جماعتیں دوسروں کی مدد کے لیے آئی ہیں۔ یہاں جیتنے کے لیے 90 ہزار ووٹ درکار ہیں، اس ماحول میں ہم انہیں ووٹ نہیں دے سکتے، ان کو ووٹ دینے کا مطلب ہے ووٹ خراب کرنا۔
بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے امانت اللہ خان نے کہا کہ بی جے پی نے آپ میں سے ان لوگوں کو خرید لیا ہے جو ان کے لیے بولیں گے۔ راتوں رات خریدا جائے گا۔ جس کا مقصد مسلمانوں کی آواز امانت اللہ کو ختم کرنا ہے۔امانت اللہ خان نے دعویٰ کیا کہ میں پانی کا مسئلہ حل کر دوں گا۔واضح ہو کہ امانت اللہ خان اوکھلا سے دو بار الیکشن جیتتے رہے ہیں۔ بی جے پی نے یہاں سے منیش چودھری کو ٹکٹ دیا ہے۔ جبکہ کانگریس نے اریبہ خان کو اور اویسی کی پارٹی نے شفا الرحمان کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔
Like this:
Like Loading...