Skip to content
اقلیتوں کے لیے فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری ناگزیر.
آئمہ و موذنین کا معاوضہ، اردو اکیڈیمی کی اسکیمات کی رقومات ادا کرنے بھیم آرمی کی حکومت سے اپیل
حیدرآباد۔28جنوری(پریس نوٹ) وانم مہیندر تلنگانہ ریاستی صدر بھیم آرمی اور محمد رفیق بھیم آرمی کے مسلم اقلیتی شعبہ کے صدر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ کانگریس حکومت اردو کی فلاح و بہبود کا دعویٰ کرتی ہے دوسری طرف آئمہ و موذنین کا معاوضہ ابھی تک ادا نہیں کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور آئمہ موذنین کے معاوضہ کی ادائیگی ضروری ہے۔ آئمہ وموذنین کی آمدنی انتہائی قلیل ہوتی ہے اور ان کے گھر کے اخراجات کے لیے انھیں چھوٹے موٹے ٹیوشن پڑھانا پڑتا ہے۔
اس مہنگائی کے دور حکومت کا معاوضہ ان کے لیے لازمی ہے۔ اسی طرح اردو اکیڈیمی کی مختلف اسکیمات کی رقومات دو سال سے ادا نہیں کی گئی ہے۔ جیسے کتابوں کی اشاعت پر ملنے والی امداد، چھوٹے اخبارات اور رسائل کے لیے ملنے والی امداد اور جرنلسٹوں کو دی جانے والی امداد وغیرہ ابھی تک کسی کے اکاونٹ میں جمع نہیں کی گئی ہے۔ رمضان المبارک میں چھوٹے اخبارات کو رقم اپنے اکاونٹ میں جمع ہونے کی امید تھی لیکن اب دوسرا رمضان آرہا ہے ابھی تک گزشتہ رمضان کی رقم بھی جمع نہیں ہوئی ہے۔
حکومت کو چاہئے کہ وہ اقلیتوں کی فلاحی اسکیمات کا نا صرف اعلان کرے بلکہ ان پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائے اور اس کے بجٹ کی اجرائی کے ساتھ ساتھ استفادہ کنندگان کے اکاونٹ رقم کو منتقلی کو بھی یقینی بنائیں۔ اقلیتوں کے لیے مختلف اسکیمات اور کروڑہا روپے کے بجٹ کا اعلان کیا جاتا ہے لیکن مستحقین کے اکاونٹ میں رقم کے انتظار میں لوگ مہینوں نہیں سالوں تک کھڑے رہتے ہیں۔ حکومت کی ایک اسکیم ڈرائیور کم اونر اسکیم ہے جس کے تحت آٹو ڈرائیورس اور کار ڈرائیورس کو سبسیڈی پر آٹو یا کار دی جاتی ہے ۔
یہ اسکیم پر بہت دنوں سے عمل آوری نہیں ہے۔ اقلیتی نوجوان بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ انھیں روزگار سے منسلک کرنے کے لیے اسکیمات کا اعلان تو کیا جاتا ہے لیکن ان پرموثر عمل آوری کو یقینی بنانا متعلقہ شعبہ کے افسران کے لیے متعلقہ وزراء اور وزیراعلیٰ کی بھی ذمہ داری ہے۔ بھیم آرمی حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس جانب فوری توجہ دے اور رمضان المبارک سے قبل معاوضہ کی رقم اور امدادی رقم اکاونٹ میں منتقل کرے۔
Post Views: 2
Like this:
Like Loading...