Skip to content
سعودی ولی عہد سے ملاقات، ٹرمپ کا نمائندہ آج مملکت روانہ ہو گا
ریاض،28جنوری( ایجنسیز)
ایک امریکی عہدے دار کے مطابق مشرق وسطی کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے اسٹیو وٹکوف آج منگل کے روز سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ یہ بات انگریزی ویب سائٹ axios نے بتائی۔اس طرح ٹرمپ کے سرکاری طور پر عہدہ سنبھالنے کے بعد وٹکوف سعودی عرب کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی اعلیٰ عہدے دار ہوں گے۔اس سے قبل شہزادہ شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ کی شام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔اس موقع پر سعودی ولی عہد نے ٹرمپ کے صدر بننے پر انھیں اپنی اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مبارک باد پیش کی۔ ساتھ ہی ٹرمپ کی قیادت میں امریکی عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔دونوں شخصیات نے بات چیت میں مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مملکت اور امریکہ کے درمیان تعاون کی صورتوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اسی طرح مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔سعودی ولی عہد نے واضح کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ امریکا میں اپنی متوقع اصلاحات کے ذریعے غیر معمولی معاشی ترقی یقینی بنا سکتی ہے اور سعودی عرب اس میں شراکت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔بن سلمان نے باور کرایا کہ مملکت آئندہ چار برسوں میں امریکہ کے ساتھ اپنی سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو وسعت دے کر 600 ارب ڈالر تک پہنچانا چاہتا ہے۔دوسری جانب ٹرمپ نے تہنیتی پیغامات پر سعودی فرماں روا اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی صدر نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ وہ سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے کام کرنے کے عزم میں پختہ ہیں۔
Like this:
Like Loading...