Skip to content
گوانتانامو جیل کو غیر قانونی مہاجرین کی حراست کیلئے استعمال کریں گے: ٹرمپ
واشنگٹن،30جنوری (ایجنسیز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ گوانتانامو میں فوجی جیل کو 30 ہزار تک غیر قانونی تارکین وطن کے استقبال کے لیے تیار کیا جائے۔واضح رہے کہ مذکورہ قید خانہ عموما دہشت گردی کے الزام میں گرفتار افراد کے لیے مخصوص ہے۔ٹرمپ کے مطابق وہ آج ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کریں گے جس میں وزارت دفاع اور وزارت داخلہ سیکورٹی کو ہدایات دی جائیں گی کہ وہ خلیج گوانتانامو میں 30 ہزار مہاجرین کی آمد کیک لیے مرکز تیار کریں۔ یہ مرکز غیر قانونی حالت میں مقیم مجرموں کا استقبال کرے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ تنصیب ان بد ترین غیر قانونی مہاجرین مجرموں کی حراست کے لیے استعمال ہو گی جو امریکی عوام کے لیے خطرہ ہیں۔ ان میں بعض اتنے برے ہیں کہ ہم ان کے اپنے ملک میں حراست پر بھی اعتبار نہیں کر سکتے، چوں کہ ہم ان کی واپسی نہیں چاہتے؛ لہٰذا انھیں گوانتانامو بھیجا جائے گا۔ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک قانون پر دستخط کیے جس کی رو سے چوری اور پر تشدد جرائم کے ملزمان غیر قانونی مہاجرین کو عدالتی کارروائی سے قبل حراست میں رکھا جا سکے گا۔یاد رہے کہ گوانتانامو قید خانہ 2002 میں کیوبا جزیرے میں واقع امریکی فوجی اڈے کے اندر کھولا گیا تھا۔
یہ اقدام 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد اس وقت کے امریکی صدر جورج ڈبلیو بش کی جانب سے اعلان کردہ ”دہشت گردی کے خلاف جنگ” کے سلسلے میں کیا گیا۔اس قید خانے میں سیکڑوں افراد کو رکھا گیا جن میں سے بعض القاعدہ تنظیم کے ارکان تھے۔ اس جیل کے اندر قیدیوں کے ابتر حالات اور ان پر تشدد کی کارروائیوں کے سبب امریکا میں شدید بحث چھیڑ دی تھی۔ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو سابق صدور باراک اوباما اور جو بائیڈن نے اس قید خانے کی بندش کا ارادہ کیا تھا تاہم وہ اپنے ادوار میں ایسا نہ کر سکے۔
گذشتہ برس ستمبر میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو ملنے والی سرکاری دستاویزات میں یہ بات سامنے آئی کہ امریکا کئی دہائیوں سے گوانتانامو کی فوجی جیل کو سمندر میں پکڑے جانے والے مہاجرین کو قید کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔انسانی حقوق کی انجمنیں اس جیل میں قید مہاجرین کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت کرتی ہیں۔ اس سلسلے میں حاصل شہادتوں کے مطابق یہاں مہاجرین کے اپنے وکلا سے رابطوں کے وقت نگرانی کی جاتی ہے، انھیں منتقل کرتے ہوئے مکمل طور پر سیاہ چشمہ پہننے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے رہنے کی جگہ پر صفائی کی خراب صورت حال چوہوں کے لیے پر کشش بن جاتی ہے۔
Like this:
Like Loading...