Skip to content
نئی دہلی،31جنوری (ایجنسیز) مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کے آئندہ بجٹ اجلاس میں منظوری کے لیے وقف (ترمیمی) بل 2024 کو فہرست شامل کر لیا ہے۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے کل جمعرات کو مسودہ رپورٹ کو حتمی منظوری کے لیے لوک سبھا اسپیکر کو پیش کیاتھا۔ اس کے بعد ترمیم شدہ اور نظرثانی شدہ بل کے ساتھ رپورٹ اگلے ہفتے ایوان کے فلور پر رکھی جائے گی۔ واضح ہوکہ جے پی سی نے اصل بل میں 14 ترامیم کو منظوری دی ہے جو اگست 2024 میں پیش کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے جے پی سی کے پاس بھیج دیا گیا تھا۔
چونکہ بجٹ سیشن کے پہلے حصے میں صرف صدارتی خطاب اور مرکزی بجٹ پر بحث ہوگی، اس لیے امکان ہے کہ حکومت جے پی سی سے منظور شدہ بل کو مارچ میں بجٹ سیشن کے دوسرے حصے میں پاس کرائے گی۔خیال رہے کہ جے پی کے اجلاس ہنگامہ خیز رہے تھے۔ زیادہ تر اپوزیشن پارٹیوں نے بل کی کئی تجاویزات پر اعتراض درج کرایا تھا۔ لیکن کمیٹی کی رپورٹ کو اکثریت کی بنیاد پر منظور کرلیا گیا۔ اب حکومت اس وقف (ترمیمی) بل کو اس بجٹ سیشن میں بحث کے بعد پاس کرواسکتی ہے۔
کمیٹی کے رکن اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر نشی کانت دوبے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ یہ بل غریب مسلم خواتین اور یتیم بچوں کو حقوق دے گا اور ووٹ بینک کی سیاست کرنے والی جماعتوں کی دکانیں بند ہوجائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس کمیٹی کو ملک بھر سے 1.5 کروڑ میمورنڈم موصول ہوئے۔ کمیٹی نے 38 میٹنگیں کیں اور ایک مناسب رپورٹ تیار کی، جس میں حکومت کی طرف سے طلب کی گئی ترامیم کے ساتھ کمیٹی کے اراکین نے 14 نئی ترامیم کی شفارش کی۔
Like this:
Like Loading...