Skip to content
امریکہ،6فروری(ایجنسی)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کرے گا، ہم اس کے مالک ہوں گے۔ اس کا مقصد خطے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھ رہا ہوں، ہم غزہ کو ترقی دیں گے۔ ہم علاقے کے لوگوں کو روزگار دیں گے، شہریوں کو آباد کریں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے منصوبے کے تحت اردن اور مصر کے رہنما جگہ فراہم کریں گے۔ میں نے مشرق وسطیٰ کے دیگر رہنماؤں سے بات کی، انہیں غزہ سے فلسطینیوں کی منتقلی کا خیال پسند آیا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے منصوبے کے بعد میں دنیا بھر سے لوگوں کو غزہ میں آباد ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ اسرائیل، غزہ اور سعودی عرب کا دورہ کروں گا، سعودی عرب بہت مددگار ہوگا۔ ہمیں امید ہے کہ جنگ بندی برقرار رہے گی۔ بہت سے ممالک جلد ہی ابراہیم معاہدے میں شامل ہو جائیں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو سے ملاقات میں ہم نے حماس کے خاتمے کو یقینی بنانے پر بات کی۔ غزہ کی تعمیر نو اور قبضے کا عمل انہی لوگوں کے ہاتھوں انجام نہیں دینا چاہیے۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ اگر یہ پتہ چلا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہیں تو یہ ان کے لیے بدقسمتی کا باعث ہوگا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ، جس کے تحت امریکا غزہ کی پٹی کے فلسطینی علاقے کا کنٹرول سنبھالے گا، تاریخ بدل سکتا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ٹرمپ غزہ کا مستقبل مختلف دیکھ رہے ہیں، یہ قابل ذکر ہے اور تاریخ بدل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ نیتن یاہو نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار نہ کرے۔
Like this:
Like Loading...