Skip to content
ممبئی،7فروری (وایجنسیز)مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع میں کپڑوں کی لانڈری سے 5 کروڑ روپے کی نقدی ضبط کرنے کے بعد پولیس نے اس معاملے میں اب تک 10 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ واقعہ منگل کو پیش آیاتھا، جب اطلاع ملنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا اور مشکوک نقدی ضبط کر لی۔ اس سے قبل 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ منگل کو مزید 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔معاملے کی معلومات دیتے ہوئے بھنڈارا ضلع کے ایس پی نور الحسن نے بتایا کہ یہ نقدی ایک کارپوریٹ بینک کی تمسر شاخ سے لائی گئی تھی۔
یہ رقم ایک بین ریاستی گروہ نے دھوکہ دہی سے نکالی تھی۔ بینک حکام، خاص طور پر برانچ منیجر گوری شنکر دھوک چند اور آپریشنز ہیڈ وشال ٹھاکر پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔یہ لوگ عام لوگوں سے پیسے لے کر لانڈری میں جمع کراتے تھے۔ اس کے بعد یہ رقم ریاست سے باہر کسی گینگ کے حوالے کی جانی تھی۔ پولیس کے مطابق یہ نقدی ایک بین ریاستی منی لانڈرنگ اسکیم کا حصہ تھی، جس کے تحت چھتیس گڑھ اور گونڈیا میں رقم کو دگنا کیا جا رہا تھا۔ یہ ٹولہ عام لوگوں سے پیسے بٹورتا تھا اور انہیں دوگنا کرنے کا لالچ دے کر اس فراڈ میں بھی ملوث تھا۔
ملزم بینک اہلکاروں نے یہ رقم لانڈری میں رکھی تھی، جہاں سے اسے دیگر مقامات پر بھیجنا تھا۔ منظم جرائم کے اس معاملے کی معلومات انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، محکمہ انکم ٹیکس اور ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کو بھی دی گئی ہے۔ ان ایجنسیوں نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے۔
معاملے کے انکشاف کے بعد بھنڈارا پولیس نے کہا کہ ان افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔نقدی ضبط کرنے کے بعد پولیس نے یہ بھی کہا کہ اس ریاکٹ میں ملوث ایک لانڈری مالک کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ چھاپہ ایک خفیہ اطلاع پر مارا گیا جس میں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ اس نقدی کا لین دین لانڈری کے ذریعے کیا جائے گا۔ جب پولیس نے چھاپہ مارا تو 5 کروڑ روپے کی نقدی ضبط کی گئی اور اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
Post Views: 19
Like this:
Like Loading...