Skip to content
پریاگ راج،9فروری (ایجنسیز) پریاگ راج مہا کمبھ میں عقیدتمندوں کی بڑی بھیڑ جمع ہے۔ شدید رش کی وجہ سے پریاگ راج سنگم اسٹیشن کو اتوار (9 فروری) کی دوپہر 1.30 بجے سے بند کر دیا گیا ہے۔ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے نہانے کے تہواروں پر پہلے بھی بند کیا جاتا رہا ہے۔ 12 فروری کو پورنیما ہے اس لیے اسے 11 سے بند کیا جانا تھا۔ لیکن زیادہ بھیڑ کی وجہ سے آج سے ہی اسے بند کر دیا گیا ہے۔اگر مہا کمبھ میں بھیڑ ایسی ہی رہتی ہے تو اس اسٹیشن کو پورنیما تک بند رکھا جاسکتا ہے۔ پریاگ راج سنگم اسٹیشن کمبھ علاقے سے صرف ایک کلومیٹر دور ہے۔
دارا گنج اور پریاگ راج سنگم دونوں الگ الگ ریلوے اسٹیشن ہیں، دارا گنج کو پہلے ہی مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔پریاگ راج سنگم ریلوے اسٹیشن آج دوپہر 1 بجے سے بند کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ اسٹیشن نہانے کے تہوار سے 2 دن پہلے بند کر دیا جاتا تھا۔ یہ کل صبح سے بند ہونا تھا لیکن اب ڈی ایم کے حکم پر آج دوپہر ایک بجے سے بند کردیا گیا ہے۔ مہا کمبھ میں آنے والی بڑی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
گزشتہ کئی دنوں سے مہا کمبھ میں روزانہ ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں کی بھیڑ کی وجہ سے میلے والے علاقے سے لے کر شہر تک کے انتظامات درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔ تاہم پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام خود اب گراؤنڈ زیرو پر پہنچ چکے ہیں اور حالات کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عقیدت مندوں کی خدمت کے لیے پولیس اہلکار عموماً 16 سے 18 گھنٹے اور بعض اوقات بغیر کسی وقفے کے 50 گھنٹے تک مسلسل کام کرتے ہیں۔
ڈی آئی جی ویبھو کرشنا نے بتایا ہے کہ ٹریفک جام کے مسئلہ کو لے کر کمشنریٹ پولیس کے ساتھ مسلسل تال میل کیا جا رہا ہے۔ میلے کے علاقے میں کہیں بھی ٹریفک جام نہیں، لوگ مختلف راستوں سے پیدل چل کر سنگم پہنچ رہے ہیں۔ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہے۔ جاری کیے گئے پاسز کو بھی اگلے احکامات تک معطل کر دیا گیا ہے، ان کے مطابق وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے کسی عقیدت مند کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔
Like this:
Like Loading...