Skip to content
نئی د ہلی ،15فروری (ایجنسیز) قطر کے امیرہندوستان کے دورے پر آرہے ہیں۔ ان کا دورہ 17-18 فروری کو ہوگا۔ قطر کے امیرجو ہندوستان کے سرکاری دورے پر ہیں،پی ایم مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ وہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے۔امیر قطر کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں متعدد وزرا، اعلیٰ حکام اور کاروباری وفود شامل ہوں گے۔
امیر قطر کا 18 فروری کو راشٹرپتی بھون میں باضابطہ استقبال کیا جائے گا۔قطر ہندوستان کا سب سے بڑا ایل این جی سپلائر ہے۔ مالی سال 2022-23 میں قطر کے ساتھ ہندوستان کی باہمی تجارت تقریباً 18.77 بلین امریکی ڈالر رہی۔ قطر کے وزیر توانائی سعد شیریدہ الکعبی نے اس ماہ کے شروع میں انڈیا انرجی ویک کے لیے ہندوستان کا دورہ کیاتھا۔
اپنے دورے کے دوران الکعبی نے ہندوستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قطر کے عزم پر زور دیا۔دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔ ہندوستانی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد بھی قطر میں مقیم ہے۔ قطر میں تقریباً 800,000 ہندوستانی شہری ہیں، جو میڈیکل، انجینئرنگ، تعلیم، مالیات اورتعمیرات سے جڑے پیشے سے وابستہ ہیں۔
ہندوستان اور قطر کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے مقصد سے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کئی بار قطر کا دورہ کر چکے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ سال فروری 2024 میں اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے امیر قطر سے ملاقات کی تھی اور انہیں ہندوستان کے دورے کی دعوت بھی دی تھی۔
Like this:
Like Loading...