Skip to content
"جدید چیلنجز اور ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر، والدین اولاد کی تربیت میں حکمت و بصیرت سے کام لیتے ہوئے انہیں اعلیٰ اخلاق و کردار کا حامل بنائیں۔” :عبد الوحید
بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن ممبئی کے زیر اہتمام آٹھواں سالانہ اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد – اجلاس میں تقسیمِ انعامات اور والدین کی رہنمائی پر ورکشاپ بھی شامل رہا
مالونی 16 فروری( پریس نوٹ)
مالونی: جماعت اسلامی ہند، مالونی یونٹ کے تحت قائم بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کا آٹھواں سالانہ اجلاس برائے تقسیم انعامات و رہنمائی والدین ورکشاپ 16 فروری 2025، بروز اتوار، آئیڈیل پارک ہال، مالونی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔یہ تعلیمی منصوبہ مارچ 2017 میں اس مقصد کے تحت شروع کیا گیا تھا کہ عصری درسگاہوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی دینی تعلیم کو یقینی بنایا جائے اور والدین کی رہنمائی کی جائے۔
فی الوقت، مالونی کے مختلف اسکولوں میں ایلیا ثروت اردو ہائی اسکول اور ملت اردو ہائی اسکول میں پورے تعلیمی سال کے دوران دینیات کی تعلیم عالمہ محترمہ ثناء صاحبہ کے ذریعے دی گئی۔طلبہ و طالبات میں نصابی کتب بھی فراہم کی گئیں اور ڈپلومہ ان اسلامک اسٹڈیز (پانچویں، چھٹی جماعت) اور ایڈوانس ڈپلومہ ان اسلامک اسٹڈیز (ساتویں، آٹھویں، نویں جماعت) کے امتحانات یکم فروری 2025 کو منعقد کیے گئے۔اجلاس کا آغاز تلاوت و ترجمہ قرآن سے ہوا۔
مولانا اختر الاسلام ندوی صاحب (ڈائریکٹر، بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن) نے افتتاحی کلمات میں بورڈ کے قیام، اغراض و مقاصد اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔محترمہ تنویر صاحبہ (معروف فیملی کاؤنسلر) نے "اے کہ تری گود میں پلتی ہے تقدیر امم” کے عنوان پر والدہ کے تربیتی کردار پر خطاب کیا۔محترم عبدالوحید صاحب (کاؤنسلر و موٹیویشنل اسپیکر) نے "تربیتِ اولاد میں والدین کا کردار، جدید چیلنجز اور ٹیکنالوجی” کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی۔
ایس آئی او مالونی یونٹ کی جانب سے "ہم نیکی کے جانباز سپاہی” کے عنوان سے ایکشن سانگ پیش کیا گیا۔برادر مجیب (صدر، ایس آئی او یونٹ) اور محترمہ تسنیم (نمائندہ، جی آئی او یونٹ) نے تنظیمی تعارف پیش کیا۔شیخ ہمایوں (ناظمِ شہر، جماعت اسلامی ہند، ممبئی میٹرو) نے عصری درسگاہوں میں دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ و والدین کی رہنمائی فرمائی۔
سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو مہمانانِ کرام کے ہاتھوں انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔محترم شیخ انور صاحب (امیرِ مقامی، جماعت اسلامی ہند، مالونی) نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔مولانا حسن کمال ندوی صاحب (رکن، صفہ اسلامی مکاتب، مہاراشٹر) کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔
محترم شارق قاضی صاحب (اسسٹنٹ ڈائریکٹر، بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن) نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔یہ کامیاب پروگرام جماعت اسلامی ہند، مالونی یونٹ کے وابستگان، بورڈ کے معلمین، حلقۂ خواتین، ایس آئی او، جی آئی او، یوتھ ونگ اور دیگر کارکنان کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ تھا۔اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو قبول فرمائے اور اس تعلیمی پروجیکٹ کو مزید وسعت اور استحکام عطا کرے۔ آمین!
Post Views: 16
Like this:
Like Loading...