Skip to content
نئی دہلی:18فروری( ایجنسیز) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھگدڑ کے حالیہ واقعات پر اتر پردیش انتظامیہ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو سخت نشانہ بنایا ہے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ مہا کمبھ اب مرتیو کمبھ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمبھ میں وی وی آئی پی لوگوں کو خصوصی سہولیات دی جارہی ہیں، جب کہ غریبوں کو ان کے حالات پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ بھگدڑ کے حالیہ واقعات کے پیش نظر مہا کمبھ ایک مرتیونجے کمبھ بن گیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اس مہا کمبھ میں مرنے والوں کی اصل تعداد چھپائی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ اتر پردیش کے پریاگ راج میں بھگدڑ میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوئے تھے، جب کہ حال ہی میں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ میں 18 افراد کی جانیں گئیں۔ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مہاکمبھ مرتیو کمبھ بن گیا ہے۔ انہوں نے (بی جے پی حکومت) نے اموات کی کم تعداد ظاہر کرنے کے لیے سینکڑوں لاشیں چھپا دیں۔
انہوں نے کہا کہ بھگدڑ کے واقعے کے بعد مہا کمبھ پر کتنے کمیشن بھیجے گئے، لاشیں پوسٹ مارٹم کے بغیر بنگال بھیج دی گئیں۔ وہ کہیں گے کہ لوگ ہارٹ اٹیک سے مرے اور پھر معاوضہ نہیں ملے گا۔ آپ ملک کو تقسیم کرنے کے لیے مذہب بیچ رہے ہیں۔ ہم نے یہاں پوسٹ مارٹم اس لیے کیا کہ آپ نے بغیر ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے لاشیں بھیجیں، ان لوگوں کو معاوضہ کیسے ملے گا؟
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل ایز کو نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے دعویٰ کیا، بی جے پی ایم ایل اے میرا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں، اس لیے جب بھی میں بولتا ہوں، وہ ایوان کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ سے تعلق کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ایسے تبصروں کی شدید مذمت کی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں وزیر اعظم مودی سے شکایت کروں گی کہ ان کے ایم ایل اے مجھ پر بنگلہ دیشی بنیاد پرستوں کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگا رہے ہیں۔
بنگلہ دیشی انتہا پسندوں کے ساتھ اپنے روابط کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے، ممتا بنرجی نے سیکولرازم سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور بی جے پی کو ثبوت فراہم کرنے کا چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا مجھ پر مسلم لیگ کا رکن ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ میں ان بے بنیاد الزامات کی پرزور مذمت کرتی ہوں۔ میں سیکولرازم، بقائے باہمی اور تمام برادریوں کی ترقی پر یقین رکھتی ہوں۔ اگر بی جے پی ثابت کرتی ہے کہ میرے بنگلہ دیشی دہشت گردوں یا انتہا پسندوں سے کوئی تعلق ہے تو میں استعفیٰ دے دوں گی۔
بنرجی نے بنگلہ دیش میں بدامنی کے باوجود بنگال میں امن برقرار رکھنے کا سہرا اپنی حکومت کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں بدامنی کے باوجود ہماری حکومت کی وجہ سے بنگال میں امن اور ہم آہنگی برقرار ہے۔ بنگال اسمبلی میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے سیاسی مفادات کے لیے مذہب کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے ایوان میں دعویٰ کیا کہ بی جے پی ایم ایل اے یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ انہیں بنگال اسمبلی میں بولنے کی اجازت نہیں ہے۔ اظہار رائے کی آزادی بی جے پی ایم ایل اے کو نفرت پھیلانے اور لوگوں کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
Like this:
Like Loading...