Skip to content
سعودی عرب میں چاند کی رویت، ہفتے کے دن پہلے روزے کا اعلان
دبئی،یکم مارچ( ایجنسیز)
سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان کے چاند نظر آگیا ہے جس کی مناسبت سے ہفتہ یکم مارچ کو پہلا روزہ ہو گا۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یکم رمضان 1446 ھجری ہفتے کے روز ہو گی۔اس سے قبل سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے ہدایت جاری کی تھی کہ رمضان کے چاند کی رؤیت جمعہ 28 فروری مطابق انتیس شعبان کی شام انجام دی جائے۔
سپریم کورٹ نے ساتھ ہی اپیل کی تھی کہ رمضان کا چاند انسانی آنکھ یا دور بین کے ذریعے دیکھنے والے اپنی قریب ترین عدالت میں اطلاع دے کر اپنی شہادت ریکارڈ کروائیں۔ادھر متحدہ عرب امارات میں واقع بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ جمعے کے روز ٹیلی اسکوپ کے استعمال کے ذریعے مغربی ایشیا، افریقا کے زیادہ تر حصوں اور جنوبی یورپ میں چاند نظر آنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ دونوں امریکی بر اعظموں (شمالی اور جنوبی) کے متعدد حصوں میں انسانی آنکھ سے چاند دیکھا جا سکتا ہے۔مرکز کے مطابق توقع ہے کہ زیادہ تر اسلامی ممالک میں یکم رمضان ہفتہ یکم مارچ کو ہو گی۔
Like this:
Like Loading...