Skip to content
چمپئنزٹرافی 2025 کے سیمی فائنل کی لائن اپ طے ہوگئی ہے۔ ہندوستان اورنیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ گئے تھے، جبکہ آسٹریلیا نے بھی ایک دن پہلے ہی کوالیفکیشن حاصل کیا تھا۔ اب چوتھی ٹیم کے طورپرجنوبی افریقہ نے آخری-4 میں انٹری کی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف اپنے آخری مقابلے کا نتیجہ آنے سے پہلے ہی جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ وہیں تنکے کے سہارے پرٹکی افغانستان کی امیدیں پوری طرح سے ختم ہوگئیں اورانگلینڈ کوہرانے کے باوجود اس کا سیمی فائنل کھیلنے کا خواب ٹوٹ گیا۔
کراچی میں ہفتہ کے روز(یکم مارچ) کوگروپ بی کے اس آخری میچ میں جنوبی افریقہ اورانگلینڈ آمنے سامنے تھے۔ پہلے ہی ٹورنا منٹ سے باہرہوچکی اورکپتان جوس بٹلرکے استعفیٰ کے اعلان کے بعد اپنے آخری مقابلے میں اتری انگلینڈ کی ٹیم کی کارکردگی یہاں بھی خستہ حال ہی رہی۔ مارکویانسن کی بہترین گیند بازی اورپھرشاندار فیلڈنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کوصرف 179 رنوں پرآل آؤٹ کردیا، جو جنوبی افریقہ کوباہرکرنے کے لئے کافی نہیں تھا۔ اس طرح میچ ختم ہونے سے پہلے ہی جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
وہیں، اس مقابلے پرافغانستان کرکٹ ٹیم اوراس کے فینس کی نظریں مرکوز تھیں۔ ایک دن پہلے ہی آسٹریلیا کے خلاف اس کا مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگئی تھی۔ اس کے سبب سیمی فائنل میں پہنچنے کی اس کی امیدوں کو بڑا جھٹکا لگا تھا۔ آخری-4 میں پہنچنے کے لئے اسے جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ سے زبردست واپسی اور بڑی جیت کی ضرورت تھی، لیکن پورے ٹورنا منٹ میں جدوجہد کررہی انگلیںڈ کی ٹیم ایسا کوئی بھی کمال کرنے میں ناکام رہی۔
اس میچ سے پہلے جنوبی افریقہ اورافغانستان کے 3-3 پوائنٹس تھے، لیکن نیٹ رن ریٹ کے معاملے میں جنوبی افریقہ بہت آگے تھا۔ ایسے میں جنوبی افریقہ کا سیمی فائنل میں پہنچنا تقریباً طے تھا۔ اگراسے انگلینڈ کے خلاف آخری میچ میں 207 رن یا اس سے زیادہ بڑے فرق سے ہار ملتی، تبھی افغانستان کو سیمی فائنل کھیلنے کا موقع مل سکتا تھا، لیکن جنوبی افریقہ نے ایسا نہیں ہونے دیا اور انگلینڈ کو بڑے اسکور سے روک دیا۔
اب سوال یہ ہے کہ سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کا سامنا کس سے ہوگا؟ تو اس کا فیصلہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اتوار 2 مارچ کو ہونے والے مقابلے کے نتیجے پر ہی منحصر کرے گا۔ اگر جنوبی افریقہ اس مقابلے میں انگلینڈ کو ہراتا ہے تو وہ 5 پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں پہلا مقام حاصل کرے گا اور پھر 5 مارچ کو دوسرے سیمی فائنل میں اترے گا۔ وہیں، اگر وہ یہ میچ ہارتا ہے تو صرف تین پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کے بعد دوسرے مقام پر رہے گا۔ اس صورتحال میں اسے 4 مارچ کو پہلے سیمی فائنل میں گروپ اے کی ٹاپر سے مدمقابل ہونا ہوگا۔ مگراس سب کا فیصلہ ہندوستان-نیوزی لینڈ میچ کے بعد ہی ہوگا۔
Like this:
Like Loading...