Skip to content
شام ،7مارچ(ایجنسیز)شام کے علاقے طرطوس میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شہر میں رات دس سے صبح دس بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔جمعرات کے روز مغربی شام میں معزول صدر بشار الاسد کے وفادار مسلح افراد کے حملوں میں سکیورٹی فورسز کے 16 ارکان ہلاک ہو گئے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ یہ ہلاکتیں علوی اکثریت والے علاقے میں کشیدگی کے پس منظر میں ہوئی ہیں۔ معزول صدر بشار الاسد کا تعلق اسی علاقے سے تھا۔
اس کے علاوہ حمص میں بھی رات دس سے صبح آٹھ بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔آبزرویٹری نے کہا کہ جبلہ قصبے اور اس کے دیہی علاقوں میں بشارالاسد کے حامی جنگجوؤں کی طرف سے کیے گئے حملوں اور گھات لگا کر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں شامی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔ یہ 8 دسمبر 2024 کو بشارالاسد حکومت کے خاتمے کے بعد سے نئی اتھارٹی کے خلاف اب تک کے سب سے زیادہ پرتشدد حملے ہیں۔
قبل ازیں شامی سکیورٹی فورسز نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ وہ ملک کے مغرب میں سابق افسر سہیل الحسن سے وابستہ مسلح گروپوں کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ سہیل الحسن بشار حکومت کے دوران فوج کے اہم کمانڈروں میں سے ایک تھے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے لاذقیہ گورنریٹ کے سکیورٹی ڈائریکٹر کے حوالے سے بتایا کہ لاذقیہ کے دیہی علاقوں میں ہماری سکیورٹی فورسز جن مسلح گروپوں سے تصادم کررہی ہیں ان کا تعلق جنگی مجرم سہیل الحسن سے ہے۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹروں نے جمعرات کولاذقیہ کے دیہی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف اس وقت حملے کیے جب اس سے قبل سکیورٹی فورسز نے علاقے میں اپنے ایک رکن کے مارے جانے کا اعلان کیا تھا۔ آبزرویٹری نے اطلاع دی ہے کہ شامی ہیلی کاپٹروں کی طرف سے بیت عانا گاؤں اور اس کے آس پاس کے جنگلات میں عسکریت پسندوں پر حملے کیے گئے۔
"سانا” نے اللاذقیہ میں ایک سکیورٹی ذریعہ کے حوالے سے بتایا کہ بشار الاسد کی ملیشیا کے باقیات میں شامل ایک گروپ نے قصبے کے قریب وزارت دفاع کے ارکان اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ منگل کے روز سکیورٹی فورسز نے الدعتور محلے میں ایک مہم شروع کی اور اس دوران اس کے ارکان کو بشار الاسد کی ملیشیاؤں کی باقیات میں شامل گروپوں نے نشانہ بنایا۔
Like this:
Like Loading...