Skip to content
العربیہ نیوز کے نمائندے کے مطابق آج جمعے کی صبح یمن کے صوبے الحدیدہ میں زور دار دھماکوں نے جنوبی حصے کو لرزا دیا۔نمائندے نے بتایا کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے الحدیدہ کے جنوب میں الفازہ کے علاقے پر 6 فضائی حملے کیے۔
یہ علاقہ التحیتا ضلع میں واقع ہے اور بحیرہ احمر پر ایک تزویراتی ساحلی علاقہ شمار کیا جاتا ہے۔ سال 2014 میں حوثیوں کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹے جانے سے قبل الفازہ کا علاقہ یمنی بحریہ کے لیے فوجی زون تھا۔ اس علاقے میں حوثیوں کے ہتھیاروں کے گودام اور عسکری ٹھکانے ہیں جہاں سے سمندر کی سمت راکٹ اور میزائل داغے جاتے ہیں۔
العربیہ نیوز کے نمائندے کے مطابق امریکی فوج نے کئی مرتبہ الفازہ پر بم باری کی اور وہاں میزائل داغنے کے لانچنگ پیڈوں کو تباہ کر دیا۔
امریکی فوج نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں کے خلاف نئے حملوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔ امریکی لڑاکا طیاروں نے جمعرات کی شام الحدیدہ صوبے میں الکثیب کے علاقے پر 4 فضائی حملے کیے۔ اسی طرح صعدہ صوبے کے ضلع الصفراء میں بھی حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
حوثیوں کے مطابق ہفتے کے روز سے شروع ہونے والے امریکی حملوں میں اب تک کم از کم 31 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اکتوبر 2023 میں غزہ میں جنگ چھڑنے کے بعد سے حوثیوں نے بحیرہ احمر میں 100 سے زیادہ مال بردار جہازوں پر حملے کیے۔ ان حملوں کے نتیجے میں عالمی تجارت کو دھچکا پہنچا اور امریکی فوج حوثیوں کے میزائل حملے روکنے کے لیے حرکت میں آنے پر مجبور ہو گئی۔
Like this:
Like Loading...