Skip to content
سوغاتِ مودی یا ہماری بیچارگی کا مذاق؟
:ابن عطاءاللہ بنارسی
”اس سادگی پہ کون نہ مر جائے اے خدا!
لڑتے ہیں اور ہاتھ میں تلوار بھی نہیں“
چھ مہینے بعد بہار میں اسمبلی انتخاب ہونے والاہے، اور مرکزی سرکار ایک عدد زنانہ کپڑا، ایک شیشی تیل، سوئیں اور کچھ خشک میوے، بہاری مسلمانوں میں تقسیم کررہی ہے، جسے منظر نامے پر غریب مسلمانوں کے لئے عید پر ‘سوغاتِ مودی’ سے مشہور کیا گیاہے؛
داد دیجئے اس خود اعتمادی اور اس جرات پر کہ بھاجپا ایسی قسمت آزمائی سے بھی نہیں چوک رہی ہے، بھاجپا کی یہ سیاسی حکمت عملی نہ صرف اسکی سیاسی گرفت کا ثبوت ہے بلکہ حزبِ اختلاف(اپوزیشن) کے لئے ایک عبرت کا سامان بھی ہے، جب مسلمانوں کا نام بھی لینے سے اکھلیش اور راہل گاندھی جیسے لیڈرز کی زبانیں کتراتی ہیں، ایسے نازک ترین حالات میں بھاجپا مسلمانوں کو تحفے تقسیم کررہی ہے، قطع نظر اس سے کہ دنیا کیا کہے گی؟ اس ‘سوغات مودی’ کا ایک حیران کن پہلو بھی میں آپ کو بتلاتا چلوں۔۔۔ کہ بھاجپا یہ راز بخوبی سمجھتی ہے کہ ہندوستان کا مسلمان، فی الحال سیاست کے تلاطم میں پھنسا ہوا ہے، اسکے لئے بھاگ نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، لہذا بھاجپا مسلمانوں کی اس بیچارگی کا بھی خوب لطف لے رہی ہے، جیسے بلی چوہے کو پکڑنے کے بعد اسکے جذبات سے کھیلتی ہے، کیوں کہ بلی جانتی ہے کہ اب چوہا اسکی گرفت سے نکل بھاگنے کی سکت نہیں رکھتا، کبھی اسے اپنے چنگل سے چھوڑتی ہے، کبھی پھلانگ کر دبوچ لیتی ہے، جب چوہا نیم مردہ ہوجاتاہے تو دھیرے سے ہڑپ کر جاتی ہے؛
غور کیجئے کہ ایک طرف ملک کے دارالحکومت میں مسلمان، اپنے اوقاف کی محافظت میں انصاف کی صدائیں لگا رہاہے، ایک طرف اتر پردیش میں ہر تیسرے روز کسی نہ کسی مسلمان کا گھر سرکار مسمار کررہی ہے، اور ایک طرف’ سوغاتِ مودی’ کی تقسیم! حالانکہ بھاجپا اس حقیقت سے بے خبر نہیں کہ دنیا سب کچھ دیکھ رہی ہے، سن رہی ہے، سمجھ رہی ہے، لیکن وہ پھر بھی اپنے مقصد کے حصول میں ہر ایک حقیقت کو پرے رکھ کر، اقدامات کررہی ہے اور کرتی جارہی ہے! سوغاتِ مودی بھاجپا کی فریب کاری کا بدترین مظہر بھی ہے، اپوزیشن کی نا کامی کا کھلا ہوا تماشا بھی ہے اور مسلمانوں کی سیاسی بربادی کا آئینہ بھی۔
ہم مسلمانوں کی اس سیاسی بدحالی پر شکیلؔ بدایونی کا یہ شعر بہت یاد آیا:
"جب ہوا ذکر زمانے میں محبت کا شکیلؔ!
مجھ کو اپنے دلِ ناکام پہ رونا آیا”
#SaugateModiKit,
Post Views: 18
Like this:
Like Loading...