Skip to content
Al Hilal Media.

Al Hilal Media.

Editor : Maqsood Yamani

Menu
  • اہم خبریں
  • قومی خبریں
  • بین الاقوامی
  • عالم عرب
  • مضامین
  • اسلامیات
  • حیدرآباد
  • کھیل و تفریح
  • مذہبی خبریں
  • ہمارے بارے میں
  • Advertisement
Menu
Maulana Atta-ur-Rahman Wajdi Sahab

بزرگ و مشفق تحریکی رہنما حضرت مولانا عطاءالرحمن وجدی صاحبؒ کی رحلت ملت اسلامیہ ہند کا ناقابل تلافی نقصان

Posted on 02-07-2024 by Maqsood

بزرگ و مشفق تحریکی رہنما حضرت مولانا عطاءالرحمن وجدی صاحبؒ کی رحلت ملت اسلامیہ ہند کا ناقابل تلافی نقصان

حیدرآباد،2جولائی( پریس نوٹ)

جامعة البنات الاصلاحیة حیدرآباد ،اپنے بانی وناظم مولانا عبد العلیم اصلاحیؒ کے دیرینہ تحریکی رفیق ،بازیابی بابری مسجد کے مشن کے حلف بردار ،تحریک تحفظ شعائر اسلام کے رکن اساسی وسرپرست ،جماعت اسلامی ہند کے سابق رکن شوری اور وحدت اسلامی ہند کے سابق ہر دل عزیز امیر حضرت مولانا عطاءالرحمن وجدی صاحبؒ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظھار کرتے ہوئے ،آپ کے اھل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے اور آپ کی ہمہ جہت دینی و تحریکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعاگو ہے کہ خدائے بالا و برتر آپ کے اہل خانہ،ملت اسلامیہ ہند اور تحریک اسلامی کو ایسی طاقت عطا فرمائے کہ وہ اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کر سکیں ۔مولانا مرحوم کی جامعہ سے دلی وابستگی رہی ،آپ جامعہ کی ترقی کیلئےہمیشہ فکر مند رہے ،اپنے مخلصانہ مشوروں اور دعاؤں سے جامعہ کونوازتے رہے ۔آپ کی وفات سے جامعہ اپنے ایک مخلص خیر خواہ سے محروم ہوگیا ہے ۔

حضرت مولانا عطاءالرحمن وجدی صاحبؒ اس دور قحط الرجال میں ہند میں سرمایہ ملت کے نگہبان تھے ۔دین کی گہری بصیرت رکھنے والے عظیم رہنما تھے ۔تحریکی نوجوانوں کے مربی و مزکی تھے ۔عزم وہمت ،شجاعت و حمیت ،روحانیت و عزیمت ،سادگی و تواضع اور اخلاص وللھیت کا پیکر مجسم تھے ۔ایک بلند پایہ مصنف ،بے مثال ادیب ،جادو بیاں مقرر ، روح کو تڑپانے اور قلب کو گرمانے والے شاعر ،نبض شناس حکیم ،بے لوث مسیحا اور سب سے بڑھ کر میر کارواں اور سالار قافلہ تھے ۔رب تعالی نے آپ کو افراد سازی اور کردار سازی کے فن سے نوازا تھا ۔آپ تحریکی نوجوانوں کے مرجع و ماوی تھے ۔میر کارواں کی تمام صفات اور خوبیاں آپ میں بدرجہ اتم موجود تھیں ۔

نگہ بلند ،سخن دل نواز ،جاں پرسوز
یہی ہے رخت سفر میر کارواں کیلئے
آپ ان خوش نصیب اور اولوالعزم ہستیوں میں سے تھے جو آغاز سے اپنی آخری سانس تک اپنے مقصد ،نصب العین اور مشن سے چمٹے رہتے ہیں اور سر مو انحراف نہیں کرتے ۔حالات کتنے بھی نامساعد رہے آپ کبھی ڈرے نہیں ،دبے نہیں ،جھکے نہیں ،بکے نہیں ،دبے نہیں ،تھمے نہیں ،تھکے نہیں ،رکے نہیں ۔ہمیشہ ہرآن پوری آب وتاب سے جانب منزل رواں دواں رہے ،حدی کی لے بڑھاتے رہے ۔آپ نے راہ حق میں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں اور جبر واکراہ اور تعذیب و تشدد کے سخت مراحل سے بھی گزرے مگر زمانہ گواہ ہے کہ آپ کے پایہ استقامت میں ذرہ برابر بھی لغزش نہیں آئی ۔آپ نے ہر دور میں حق کا علم پورے استقلال سے اٹھائے رکھا ،بابری مسجد کے زخم کو سینے سے لگائے رکھا ،اس کی تعمیر نو کا جذبہ سینوں میں جواں رکھا اور اس نعرہ کو جہدوعمل کا محور بنادیا کہ

ایثار کریں گے کوئی تدبیر کریں گے
ائے بابری مسجد تجھے تعمیر کریں گے

اس دور جبر و منافقت میں ایسی صاحب ایمان ،صاحب فراست اور صاحب استقامت شخصیت کا ہم سے جدا ہوجانا ایک حادثہ جانکاہ ہے ۔پہلے مولانا عبدالعلیم اصلاحی ؒاور اب مولانا عطا ءالرحمن وجدی صاحبؒ جیسی شخصیات جن کی زندگیاں والعصر کی تفسیر ، ان صلاتی ونسکی و محیای و مماتی للہ رب العالمین کی جیتی جاگتی تصویر اور شریعت و شعائر کے تحفظ کیلئے وقف تھیں ان کا ہمارے درمیان نہ ہونا ایک ایسا خلا اور شگاف ہے جسے بھرا نہیں جاسکتا ،جن کا ہمارے لئے کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا ۔اللہ تعالی شدید غم کی اس گھڑی میں ہمارا پرسان حال ہو ۔

اللہ رب العزت مولانا مرحوم کی جہد مسلسل اور قربانیوں کو قبول فرمائیے ،اھل خانہ اور تحریکی احباب کو صبر جمیل عطا فرمائیے ،تحریک وحدت اسلامی ہند کو آپ کے ادھورے خوابوں کی تکمیل کا ذریعہ بنائیے اور ہمیں آپ کی امیدوں کے مطابق کام کرنے کی توفیق عطا فرمائیے ۔آمین

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Cont: +91 99855 61218

اشتہارات

Like Us On Facebook

Facebook Pagelike Widget

مضمون نگار کے خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے

©2025 Al Hilal Media. | Built using WordPress and Responsive Blogily theme by Superb