Skip to content
مجرمانہ عالمی بے حسی کے نتیجے میں نیتن یاہو حکومت صحافیوں کا قتل عام کررہی ہے:حماس
غزہ ،2اپریل(ایجنسیز)
اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ قابض صہیونی ریاست فلسطینی صحافیوں کو مسلسل اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے اور اس پر افسوس کی بات عالمی اداروں اور عالمی طاقتوں کی مجرمانہ بے حسی ہے جو فلسطینی صحافیوں کی منظم نسل کشی کے لیے فاشسٹ صہیونی حکومت کو شہ دے رہی ہے۔ خیال رہے کہ منگل کی صبح صحافی محمد صالح البردویل، ان کی اہلیہ اور تین بچوں کو قابض صہیونی فوج نے جنوبی غزہ میں خان یونس میں ان کے گھر پر بمباری کے دوران شہید کردیا تھا۔
حماس نے کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانا اور ان کا قتل غزہ کی پٹی میں فلسطینی نسل کشی کی جاری مجرمانہ تباہی کی منظم مہم کا تسلسل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی دہشت گرد کی جنگی مشین کی گولیوں، گولوں اور فضائی حملوں سے 209 صحافیوں کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کرچکی ہے۔ شہید صحافیوں میں بڑی تعداد میں ایسے بھی شامل ہیں جنہیں ان کے پورے خاندان سمیت شہید کیا گیا۔ حماس نے عالمی طاقتوں اور نام نہاد جمہوریت کے علمبردار اداروں کے دہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا اور عالمی بے حسی فلسطینی صحافیوں کے قتل پر صہیونی ریاست کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔
حماس نے زور دے کر کہا کہ جنگوں کی تاریخ میں صحافیوں کے خلاف ایسے غیر مسبوق جرائم بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور اس کے عدالتی اداروں کی جانب سے فوری کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ انہیں روکا جائے اور قابض رہنماں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ اس نے بین الاقوامی پریس اور میڈیا اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس جرم کی مذمت کریں اور اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ اور تنہائی کے اقدامات کو فعال کریں۔
Post Views: 18
Like this:
Like Loading...