Skip to content
” پہلا قدم حج کے لیے ”
تلنگانہ حج کمیٹی کا ایک قابل تعریف قدم
مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ایم اے
9849611686
حج ٢٠٢٥ کے انتظامی امور میں تلنگانہ حج کمیٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں ، تربیتی کیمپ جس عمدگی سے ہوررہے ہیں وہ مفید و مؤثر ہیں ، وہیں ایک اختراعی کام یہ کیا گیا تلنگانہ کے عازمین حج کو واکنگ کے مشوروں کے ساتھ ساتھ میدانی عملی مشق وورزش کے لیے شہر کے علاقوں کو مختلف زونس میں تقسیم کرکے اتوار کے دن انھیں حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر و اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر و عملہ اور خادم الحجا ج کی موجودگی میں ایک گھنٹے کی چہل قدمی کرایی گیی ، اس کے ساتھ ساتھ ورزش کے طریقے عملی طور پر بتاے گیے ۔ حکومتی سطح پر ریاستی حج کمیٹی کی نگرانی میں اجتماعی طور پر پہلی مرتبہ ایسا قدم اٹھایا گیا ہے ۔ملک بھر میں حج کمیٹی کی تاریخ میں یہ ایک انوکھا اور اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ تھا جو کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے ۔ اس منفرد کام کا بڑا خوبصورت نام "پہلا قدم حج کے لیے ” دیا گیا۔۔
” پہلا قدم حج کے لیے ” تلنگانہ حج کمیٹی کا ایک غیر معمولی اقدام ہے ، پچھلے 20 برس سے حج وعمرہ کی تربیتی کلاسز چلانے کا تجربہ رکھنے کی سعادت حاصل رہی اور بار بارحج وعمرہ کرنے کی توفیق ملی اور پیش آمدہ حالات وواقعات کو پیش نظر رکھ کر بجا طور پر یہ کہا جا سکتاہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے قابل تعریف قدم اٹھایا ہے ، حج ٢٠٢٤ کے انتظامی مسائل اور واقعات وحادثات کے بعد یہ ایک بہترین کام اور عملی قدم ہے ۔ حاجیوں کو در پیش مطالبات و ضروریات کی یکسوئی ہے ، اور مسایل کا صحیح تجزیہ ہے ۔
صحت اللہ تعالیٰ کی بیش بہا نعمت ہے اور انسان کی کامیاب زندگی میں اہم اور بنیادی ڈھانچہ ہے ، صحت کی نگہداشت میں بے شمار فائدے ہیں جیسے حج وعمرہ کی صحیح ادایگی ، طواف وسعی کی پیدل ادایگی ، حج کے پانچ دنوں میں قربانی ، اور اسی طرح نماز وروزہ جیسے فرایض کی تکمیل میں اس کا غیر معمولی حصہ ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ حج وعمرہ کے ذریعہ مسلم معاشرے میں بہت کچھ کیا جاسکتا ہے ، ملت میں فکری وروحانی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ۔ سالانہ ایک تبدیلی لایی جاسکتی ہے ، حرمین شریفین کی برکات گاؤں گاؤں ، گھر گھر پہونچایی جاسکتی ہیں ، قدرتی طور پر ایمان کی ، اسلام کی ، محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی باد بہاری چلائی جاسکتی ہے ، لیکن افسوس ہے کہ اتنی اہم ترین جانی ومالی عبادت ہماری سستی وغفلت کی وجہ سے غیر مؤثر ہورہی ہے ، ایک عالمی امت حج وعمرہ اور زیارت مدینہ منورہ کی برکات کو کما حقہ پانے اور اس کو اپنے واپس لانے میں غفلت کا شکار ہورہی ہے ۔ زندگیاں بننے کے بجائے شکوے شکایات کی نذر ہورہی ہے ، ہر سال اتنا بڑا عالمی اجتماع خیر وعافیت کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے , عالمی پیمانے کے اس اسلامی وایمانی ، روحانی ونورانی اجتماع میں اونچ نیچ کا ہونا کویی تعجب والی چیز نہیں ہے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے ہندوستانی سطح پر ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے اس کا استقبال ہونا چاہئیے ، ہمارے فعال و متحرک چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب سجاد علی صاحب اور ان کے ماتحت پورا عملہ قابل تعریف ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مرکزی حج کمیٹی کے گاییڈ لاینس میں اس کی بات کہی گیی ہوگی لیکن عملی قدم اٹھا کر کام کاایک نیا میدان پیش کیا ہے ، یعنی تھیوری کے بجائے پراکٹیکل اپروچ لیاگیا ۔ یہ عملی قدم بتاتا ہے کہ ملت کے کچھ شعبے ایسے ہیں کہ وہاں سے ملت کی بہبودی و کامیابی ، اچھایی و بھلائی کے کام کیے جاسکتے ہیں ، ان کے ذریعہ بہت بڑا کام انجام دیا جاسکتا ہے لیکن ہم ان سے فایدہ اٹھانا تو چاہتے ہیں ،دوسروں کو فایدہ پہونچانا نہیں چاہتے ، یہ ہماری ستم ظریفی اور ناعاقبت اندیشی ہے ، اور مفاد پرست سوچ ہے ، وقف بورڈ ہی کو لے لیجئے اور اوقاف کی حالت دیکھ لیجیے ۔
تلنگانہ حج کمیٹی کا یہ پہلا قدم ہے ۔ ہمارے نرم دم گفتگو گرم دم جستجو چیرمین محترم جناب افضل پاشاہ بیابانی المعروف خسرو پاشاہ صاحب کی نگرانی میں انجام پانے والا یہ یادگار قدم ہے۔ اس کے ذریعہ شہر سے لےکر گاؤں تک ، اوپر سے لےکر نیچے تک حج وعمرہ کو پیش کیا جاسکتا ہے ، امت کو جاگنے اور جگانے کا کام کیا جاسکتا ہے ۔
اس موقعے پر دل چاہتا ہے کہ ایک حدیث نبوی صلیٰ اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پیش کروں کہ آپ
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس نے اسلام میں کسی اچھے کام کی ابتدا کی اور اس کے بعد اس پر عمل ہوتا رہا، اس کے لیے ہر عمل کرنے والے کے اجر جتنا اجر لکھا جاتا رہے گا۔ اور ان میں سے کسی کے اجر و ثواب میں کمی نہیں کی جاے گی۔ ”
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ
ایک نیک عمل اور اچھے کام پر جو سب سے پہلے عمل کرتا ہے اور دوسروں کے لیے اس پر عمل کرنے کا نمونہ پیش کرتا ہے،
یا ان کے لیے تحریک کا باعث بنتا ہے تو اس کے بعد اس کی دیکھا دیکھی،عمل کرنے والوں کی طرف اس کو بھی ثواب ملے گا۔
حجاج کرام کے ایک مخلص خادم کی حیثیت سے بندہ تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہے وہیں تلنگانہ کے عازمین حج وعمرہ سے پُرزور و پرخلوص گذارش کرتا ہے کہ وہ اس کو روبعمل لاکر اس مثالی وضروری قدم کو مستقبل کے لیے بنیاد بنادیں ۔
دعا گو ودعا جو
مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی حیدرآباد
10 اپریل 2025 ۔
Post Views: 2
Like this:
Like Loading...