Skip to content
حج سے پہلے تربیت اور حج کے بعداستقامت ،حج مبرور کی پہچان
لبیک سوسائٹی حیدرآباد حج وعمرہ تربیتی کورس کے اختتامی جلسہ سے مفتی سید آصف ندوی اور سجادعلی کا خطاب
حیدرآباد،18اپریل(الہلال میڈیا)
حج اسلام کے فرائض میں سے ایک فریضہ ہے، اور رسول اللہ ﷺ نے اسے دین کی بنیادوں میں سے ایک بنیاد قرار دیا ہے، اس طرح حج بیت اللہ کی سعادت ایک اہم ترین بنیاد کی تکمیل ہے، یہ عبادت آسان بھی ہے اور مشکل بھی ،اس میں سعادت بھی ہے نزاکت بھی، جنہوں نے اسے سیکھ کر ، سمجھ کر ، پڑھ کر کیا ہے ان کے لئے آسان ہے اور جنہوں نے سیکھا نہیں ہے ان کے لئے مشکل ہے،اس عبادت میں انفرادیت بھی ہے کہ وہ اعمال ہیں جو صرف حج میں کئے جاتے ہیں،تو اس اعتبار سے ان کی تربیت بے حد ضروری ہے، اور سیکھنے کا نام تربیت ہے جوہر حاجی کے لئے ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سیدآصف الدین ندوی قاسمی ایم اے ڈائیریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف عربک اسٹڈیز نے حج وعمرہ تربیتی کورس کے تکمیل کے موقعہ پر جلسہ میں کیا اور اپنے سلسلہ خطاب میں کہا کہ حج وعمرہ سے پہلے تربیت اور حج وعمرہ کے بعد دین پر استقامت یہ حج کی قبولیت کی علامات میں اکابر علمائ کرام نے شمار کیا ہے۔اور لبیک سوسائٹی حیدرآباد رجسٹرڈ پچھلے ۲۱ برس سے پورے اخلاص واستقامت کے ساتھ حجاج ومعتمرین کی مفت ومخلصانہ تربیت کے اہم ترین کام کو انجام دے رہی ہے۔
اور حالات وتقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کام انجام دیا جارہا ہے۔قبل ازیں جناب محمد نواب انجینیر نائب صدر نے تمام عازمین وعازمات اور تمام شرکائ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مفتی سیدآصف الدین ندوی قاسمی صاحب کی سرپرستی میں مخلص وجفاکش اور تجربہ کار وماہر افراد کی ایک پوری ٹیم اس مشن پر مختلف میدانوں میں لگی ہوئی ہے۔ اور اس کی بدولت حج وعمرہ کے ذریعہ پوری ریاست میں بہترین کام ہورہا ہے۔
مفتی صاحب کے تربیتی کورس وکلاسیس کے ساتھ ساتھ حج وعمرہ گائیڈ، حج عمرہ کی خصوصی دعائیں، رحما ن کے مہمان،حج وعمرہ کا ایک یادگار ودلچسپ سفر نامہ ہے اور اسی طرح اردو ، انگریزی، تلگو اور ہندی میں بروچرس شائع کئے گئے ہیں ،او ر امسال حج کے پانچ دنوں میں ۲۴ گھنٹے حج ہلپ لائن کی خدمات مفتی صاحب کی سرپرستی میں انجام دی جائے گی۔جناب سجاد علی چیف ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی او راپنے تاثرات میں کہا کہ حجاج کرام کی تربیت کا کام بغیر کسی معاوضہ اور بغیر کسی مفاد ومقصد کے کرنے کا نام مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ہے، اللہ تعالی نے جو بہترین صلاحیتں آپ کو عنایت فرمائی ہیں آپ انھیں پورے خلوص کے ساتھ دو دہوں سے امت کے لئے وقف کئے ہوئے ہیں، علم وعمل کے ساتھ ساتھ جدید ٹکنالوجی کو تربیت کے لئے استعمال کرکے آپ بڑی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
اور وہیں ان کی حج وعمرہ کے موضوع پر جو کتابیں ہیں وہ اس موضوع پر مستند ومنفرد اور حج وعمرہ کرنے والے ہر فرد کے لئے بہترین تحفہ اور روحانیت ونورانیت او رقبولیت ومقبولیت پیدا کرنے کا شاہ کارہے۔اردو اور انگریزی وتلگو میں کام کرکےآپ نے ایک اہم ضرورت کی تکمیل کی ہے۔اس موقعہ پر تربیتی کورس مکمل کرنے والے حضرات وخواتین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس فکرمندی اور تڑپ وطلب کے ساتھ لبیک سوسائٹی حیدرآباد رجسٹرڈ کے زیراہتمام منعقدہ حج وعمرہ تربیتی کورس میں شرکت کی اس میں بہت کچھ سیکھنے ، سمجھنے اور اپنے مبارک سفر کو آسان وسہولت بخش بنانے کی فکر سے زیادہ مقبول ومبرور بنانے کی فگرپیداہوئی، اس کورس میں حج وعمرہ کی دعائیں سیکھنے، مسائل کو سمجھنے ، فضائل کے تذکرہ، فرائض وواجبات کو یاد کرنے اور پورےسفر کو پاورپوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ جس عمدگی وخوبصورتی کے ساتھ مفتی سیدآصف الدین ندوی قاسمی صاحب نے کورس کو بنایاہے وہ غیرمعمولی اور یادگار ہے۔
سیرت النبی ﷺ کی بنیادی اور ضروری معلومات حاصل ہوئیں،اس کورس کا پورانصاب ونظام ہے اور اس کو مکمل کرکے ذہنی وفکری، دینی وشعوری اطمینان ہوتاہے، ٹھوس اور مستند اور جدید ترین مسائل واشوزسےپوری طرح باخبر ہوکر حاجی اپنےسفر کو کامیاب بناتاہے۔اور اس عمدگی واخلاص کےساتھ ساتھ اس کو فری کرنا ان کے مشن وکاز کو کامیابی سے ہم کنا ر کررہا ہے۔اس موقعہ پرجناب سجاد علی چیف ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی اور جناب سید شرف الدین صد ر لبیک سوسائٹی حیدرآباد کے ہاتھوں پابندی اور وقت پرحاضر ہونے والے عازمین حج کواحرام کے سیٹ بطور تحفہ پیش کئے گئے۔
اور حج وعمرہ کی خصوصی دعائوں کے رومن انگلش ایڈیشن کی رسم اجرا عمل میں آئی۔اس جلسہ میں جناب محمد عبد النعیم سابق خادم الحجاج، جناب انعام احمد ، اسسٹنٹ رجسٹرارعثمانیہ یونیورسٹی، جناب محمد رضی الدین انجنیر، جناب محمد وجیہ الدین ،جناب نذیر خان، جناب معز الدین شریک تھے، جناب سجاد علی صاحب نے تفصیل سے حاجیوں کے سوالات کے جوابات دئیے اور انھیں تیقن دلایا کہ حج کمیٹی ان کے خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔نئے بیاچ کا آغاز ۲۲ ، اپریل ۲۰۲۵ منگل سے ہوگا اور اوقات ۱۲ تا ۱ بجے دن ہوں گے۔مولانا مفتی سیدآصف الدین ندوی قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
Post Views: 1
Like this:
Like Loading...