امریکہ،21اپریل( ایجنسیز)یمن جنگ کا منصوبہ لیک: امریکہ میں کیا ہونے والا ہے، خاص طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر ہونے کے ساتھ، پیشگی پیش گوئی کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی جب یہ بات سامنے آئی کہ ٹرمپ انتظامیہ نے یمن میں حوثی جنگجوؤں پر حملہ کرنے کا منصوبہ ایک صحافی کے ساتھ پیشگی شیئر کر دیا ہے تو کافی ہنگامہ برپا ہوا تھا۔
اب ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق 15 مارچ کو یمن پر امریکی حملہ شروع ہونے سے قبل امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ایک نجی’’ سگنل گروپ چیٹ ‘‘میں اس حملے سے متعلق اہم معلومات شیئر کی تھیں۔ اس گروپ میں ان کی بیوی، بھائی اور ذاتی وکیل شامل تھے۔ یہ رپورٹ نیویارک ٹائمز نے اتوار 20 اپریل کو شائع کی تھی۔ اس سے ٹرمپ حکومت کی سیکیورٹی سے متعلق لاپرواہی پر مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔
اس رپورٹ نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا ہے کہ ٹرمپ حکومت کے اہلکار ایک سادہ میسجنگ ایپ پر اتنی خفیہ اور حساس سیکیورٹی معلومات کیوں شیئر کر رہے ہیں۔ سگنل ایپ واٹس ایپ کی طرح ایک میسجنگ ایپ ہے، لیکن یہ حکومتی یا محفوظ نظام نہیں ہے۔
نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹ ہیگستھ نے ایک پرائیویٹ چیٹ میں وہی معلومات شیئر کیں، جو گزشتہ ماہ دی اٹلانٹک میگزین نے رپورٹ کی تھی۔ نیویارک ٹائمز نے چار لوگوں کا حوالہ دیا ہے جو اس چیٹ گروپ سے جڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری بات چیت میں یہ بھی بتایا گیا کہ F/A-18 ہارنٹس جیٹ کب اڑیں گے۔ انہی لڑاکا طیاروں نے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔