Skip to content
Al Hilal Media.

Al Hilal Media.

Editor : Maqsood Yamani

Menu
  • اہم خبریں
  • قومی خبریں
  • بین الاقوامی
  • عالم عرب
  • مضامین
  • اسلامیات
  • حیدرآباد
  • کھیل و تفریح
  • مذہبی خبریں
  • ہمارے بارے میں
  • Advertisement
Menu
Maulana Jafar Pasha awarded honorary doctorate

بین الاقوامی سطح پر دینی و علمی خدمات کا اعتراف مولانا جعفر پاشاہ کو افریقی یونیورسٹی کی اعزازی ڈاکٹریٹ

Posted on 25-04-2025 by Maqsood

بین الاقوامی سطح پر دینی و علمی خدمات کا اعتراف مولانا جعفر پاشاہ کو افریقی یونیورسٹی کی اعزازی ڈاکٹریٹ
ملت اسلامیہ کیلئے ایک عظیم افتخار، علم و قیادت کا روشن تسلسل

حیدرآباد، 24 اپریل(راست)ملت اسلامیہ کی نمائندہ شخصیت، معروف عالم دین، منتظم و معلم، مولانا محمدحسام الدین ثانی عاقل عرف جعفر پاشاہ کو افریقہ کی ایک معتبر یونیورسٹی ”معھد دراسات الاسلامیہ” نے اسلامی تاریخ و تہذیب (التاریخ والحضارۃ الاسلامیہ) کے میدان میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے سرفراز کیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی علمی، تعلیمی، اصلاحی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں عطا کیا گیا۔مولانا جعفر پاشاہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کے مہتمم،آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن تاسیسی،امارتِ ملت اسلامیہ کے امیر، جامع مسجد دارالشفاء عید گاہ میرعالم کے خطیب اور کئی دینی اداروں و ملی تنظیموں کے سرپرست ہیں۔

وہ حضرت مولانا محمد حمید الدین حسامی عاقل ؒکے فرزندِ ارجمند ہیں، جن کا شمار برصغیر کے اکابر علما میں ہوتا ہے۔مولاناجعفر پاشاہ نے 2004؁ء میں جامعہ عثمانیہ سے عربی زبان و ادب میں ایم اے مکمل کیا۔والد ماجد مولانا عاقل حسامی ؒ کے پردہ فرمانے کے بعد مولانا وعظ ونصیحت 2015 ؁ء میں معروف شیخ الحدیث حضرت مفتی احمد حسن خان الٹونکی دامت برکاتہم نے مولانا کو حدیثِ مسلسلات اولیہ کی سند بھی مرحمت فرمائی، جو علمائے حدیث میں اتصالِ سند کی ایک نمایاں روایت سمجھی جاتی ہے۔

یہ عطا ایک علامت ہے کہ مولانا کی وابستگی صرف انتظامی امور تک محدود نہیں بلکہ انہیں حدیث و سنت کے باریک پہلوؤں سے بھی گہری نسبت حاصل ہے۔مولانا جعفرپاشاہ اپنے والد گرامی حضرت مولانا محمد حمید الدین حسامی عاقل ؒ کے وصال کے بعد اُن کے دینی، علمی اور روحانی مشن کے سچے جانشین کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اُنہوں نے اپنے والد کے قائم کردہ اصلاحی، تربیتی اور تبلیغی نظام کو خلوص کے ساتھ جاری رکھا ہے۔اس کے ایک کڑی ہر چہار شنبہ ان کی سرپرستی میں ”محفلِ ذکر و سلوک” منعقد ہوتی ہے، جہاں سالکین کو روحانی تربیت دی جاتی ہے، اور ہر ہفتہ ”درسِ قرآن” کی مجلس میں قرآنِ حکیم کی تفسیر اور دینی رہنمائی پیش کی جاتی ہے۔

ان مجالس میں وعظ و نصیحت، اصلاحِ نفس، اور اخلاقی و روحانی تربیت کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔مولانا کے متعدد مریدین اور مجاز خلفاء بھی ہیں، جو ملک کے مختلف حصوں میں اُن کی روحانی تعلیمات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کا سلوکی نظام اعتدال، اخلاص، اور سنتِ نبوی کی روشنی میں تزکیہ نفس پر مبنی ہے، جس نے کئی دلوں کو منور کیا ہے۔مولانا جعفرپاشاہ نہ صرف علمی و روحانی میدان میں ممتاز ہیں بلکہ وہ ملت کے اہم سماجی اداروں کی رہنمائی بھی فرما رہے ہیں۔ آپ کی نگرانی میں ”دارالقضاء” جیسا اہم ادارہ کام کر رہا ہے، جو ایک شرعی عدالت کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس ادارہ کا مقصد میاں بیوی کے باہمی جھگڑوں اور خانگی اختلافات کو قرآن و سنت کی روشنی میں افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا ہے۔

دارالقضاء میں قضاۃ، علما اور مشیرانِ شرعیہ کی ٹیم، اسلامی اصولوں کی روشنی میں فریقین کے درمیان مصالحت و مفاہمت کراتی ہے۔مولانا کی نگرانی میں یہ ادارہ نہ صرف شرعی بنیادوں پر انصاف فراہم کرتا ہے بلکہ ملت کے خاندانی نظام کو بکھرنے سے بچانے میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ اس ادارے کے ذریعے اب تک درجنوں پیچیدہ مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جا چکے ہیں، جو اس کے اعتماد اور قبولیت کا ثبوت ہیں۔

”معھد دراسات الاسلامیہ” ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو اسلامی علوم، تاریخ، اور تہذیب میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازتا ہے۔ اس ادارے نے مولانا کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کی، جو نہ صرف ان کی ذاتی شخصیت کے وقار میں اضافہ ہے بلکہ برصغیر کے علمی ورثے کے لیے بھی اعزاز ہے۔ان علمی اعزازات کے بعد ملک کے مختلف علاقے سے علما، دانشوروں اور دینی حلقوں کی جانب سے مولانا کو مبارکباد پیش کی گئی۔ سب نے اسے امت مسلمہ کیلئے ایک نیک فال قرار دیا۔اور آپ کی درازی عمر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Cont: +91 99855 61218

Like Us On Facebook

Facebook Pagelike Widget

اشتہارات

مضمون نگار کے خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے

©2025 Al Hilal Media. | Built using WordPress and Responsive Blogily theme by Superb