30اپریل کو 15 منٹ کے لیے لائٹ بند کیجئے.
مسلم پرسنل لا بورڈ کی اہل ملک سے اپیل.
29 اپریل 2025
آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ نے مرکزی حکومت کے ذریعہ وقف قانوں میں متنازعہ، امتیاز و تفریق پر مبنی اور آئین سے متصادم کی گئیں ترمیمات کے خلاف اہل ملک سے اپیل
کی ہے کہ وہ 30 اپریل کو رات 9 بجے سے 9:15 بجے تک اپنے گھر، آفس اور کاروبار کی لائٹ بجھادیں۔
مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان و تحفظ اوقاف مہم کے قومی کنوینر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ نے وقف قانوں میں کی گئیں امتیاز و تفریق پر مبنی اور دستور کے بنیادی حقوق سے متصادم ترمیمات کے خلاف گزشتہ 10 اپریل سے ایک ملک گیر تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ اس مہم کے دوراں ملک کے طول عرض میں متعدد پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اب تک کئی شہروں میں کئی بڑے جلسے منعقد ہوچکے ہیں، برادران وطن اور سول سوسائٹی کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل مٹینگوں کا اہتمام ہوچکا ہے۔ ضلعی سطحوں پر دھرنے، احتجاجی مظاہرے اور ہیومن چین کے متعدد پروگرام بھی کئے جاچکے ہیں۔ اب 30 اپریل 2025 بروز بدھ رات 9:00 بجے سے 9 بجکر 15 منٹ تک پورے ملک میں “ بتی گل“ کا پروگرام ہوگا۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا یہ پروگرام بظاہر ایک علامتی پروگرام ہے تاہم اس کے ذریعہ پورے ملک کے مسلمان اور تمام انصاف پسند لوگ متحدہ طور پر ان سیاہ ترمیمات کے خلاف اپنے احتجاج کا زودار مظاہرہ کریں گے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کی تمام برادران وطن بالخصوص مسلمانوں، اقلیتی طبقات، کمزور و محروم طبقات، سول سوسائٹی موومنٹس اور تمام انصاف پسند لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اس حکومتی ناانصافی اور ظلم کے صف آراء ہوجائیں اور 30 اپریل کو رات 9 بجے صرف 15 منٹ کے لئے اپنے گھروں، دوکانوں، آفسوں اور کاروباری مراکز کی لائٹ بند کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں امید آپ کی اس چھوٹی سی قربانی کا غیر معمولی اثر ہوگا۔ کوشش کیجئے کے کوئی گھر، کوئی دوکان اور کوئی مرکز ایسا نہ رہے جو اس مہم کا حصہ نہ بنے۔