Skip to content
معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام اسرائیلی ظلم کی انتہا.
ناکہ بندی سے بچے بھوک مری کا شکار۔ عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب
حیدر آباد5؍مئی (پریس نوٹ)
انسانی تاریخ میں اس طرح کے ظلم کی نظیر نہیں ملتی کہ نہتے عوام پر بم اندازی کے ذریعہ ہزاروں معصوم بچوں اور خواتین کا قتل کیا گیا ہو ۔ اسرائیل اقوام متحدہ اور عالمی عدالتوں کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کا محاصرہ کر کے بنیادی رسد، غذا، ادویات پہنچنے میں رکاوٹ کر کے لاکھوں فلسطینیوں کی جان کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔
ان خیالات کااظہار تنظیم پیپولس سالیڈریٹی فار فلسطین کی جانب سے فلسطین میں جاری نسل کشی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اردوگھر مغلپورہ میں منعقدہ احتجاجی جلسہ سے سکریٹری سی پی آئی نیشنل کونسل و سابق رکن پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ نے کیا انہوں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین سے متعلق سابقہ خارجہ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ان کا حق و انصاف دلوائیں۔
کنوینر محمد افضل ایڈوکیٹ نے منسٹری آف ہیلتھ غزہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ OCHA کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس 7 اکتوبر سے 22 اپریل تک فلسطین میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 51,266 کا قتل کیا گیا جس میں 15,613 معصوم بچے، 8,304 خواتین، 22,265 مرد، ایک سال سے کم عمر کے 8.25 پیدائش کے ساتھ ہی مارے جانے والے 274 معصومین،290 امدادی اراکین جو کہ امدادی ادار ہ UNRWA کے علاوہ 100 سے زائد صحافی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ اعداد و شمار ہیں جس کی تصدیق ہیلتھ منسٹری کی جانب سے کی گئی اس کے علاوہ ہے جبکہ بے شمار لوگ بمباری میں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس کا شمار نہیں ہے۔ اس کے علاوہ 1,16,991 زخمی ہیں۔ اجلاس میں فیصل خاں )سکریٹری ایس آئی اونیو پیپولس سالیڈا ریٹی فار فلسطین) کی جانب سے قرارداد پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیاکہ غزہ میں فوری طور پر نسل کشی بند کر کے آزاد مملکت فلسطین کا قیام عمل میں لائیں۔
انسانی رسد، غذا اور ادویات کی ناکہ بندی کو ختم کر کے غزہ میں فوری امدادی عمل بحال کیا جائے۔ غزہ سے اسرائیل کی مکمل دستبرداری اختیار کی جائے۔ اسرائیلی جیلوں سے بے قصور فلسطینیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے۔ ان قرار دادوں کو مرکزی حکومت اور مختلف ممالک کے سفارتخانوں سے نمائندگی کی جائے گی۔
اجلاس سے پروفیسر انور خاں، منیر الدین مجاہد،پروفیسر اسلام الدین مجاہد،عثمان الہاجری، عبدالقدوس غور ی ایڈوکیٹ، مجاہد ہاشمی، محمد عباس سی پی ایم، میناکشی پی ایم پارٹی، مولانا حکیم محمد خیر الدین صوفی، سیف الرحیم قریشی نائب معتمد عمومی تعمیر ملت اور محمد مصطفی نے بھی خطاب کیا۔ ضیاء صاحبہ نے فلسطینی مظلومین پر نظم پیش کی۔
Like this:
Like Loading...