نیو دہلی،31مئی(ایجنسیز)آپریشن شیلڈ کے تحت ہفتہ کو ملک کی 5 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں فرضی مشقیں کی جائیں گی۔ اس دوران بلیک آؤٹ اور سائرن بجا کر فرضی مشقیں کی جائیں گی۔ جموں ضلع انتظامیہ نے کہا کہ یہ موک ڈرل کل شام 8 بجے سے 8:15 بجے تک کی جائے گی۔ اس دوران تمام لائٹس بند رکھنی ہوں گی۔ کھڑکیوں پر پردے لگانے پڑیں گے۔ انتظامیہ نے لوگوں سےاپیل کی ہے کہ وہ گھبرانا نہیں ہے
اس کے ساتھ ہی امرتسر میں رات 8 بجے سے 8:30 بجے تک موک ڈرل کی جائے گی۔ چنڈی گڑھ میں بھی رات 8 بجے سے 8:10 بجے تک بلیک آؤٹ رہے گا۔ ہفتہ کو یہ موک ڈرل جموں و کشمیر اور چندی گڑھ کے علاوہ راجستھان، گجرات، پنجاب اور ہریانہ میں کی جائے گی۔ اس دوران تیاریوں کی جانچ کی جائے گی۔
راجستھان میں محکمہ شہری دفاع نے تمام ضلع مجسٹریٹوں اور مجسٹریٹوں کو ہفتہ کی شام ریاست بھر میں بلیک آؤٹ اور فرضی مشقیں کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے ڈائرکٹر جگجیت سنگھ مونگا کے ذریعہ جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق ریاست کے تمام 41 اضلاع میں ایک ساتھ موک ڈرل اور بلیک آؤٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
دفاعی افسر مونگا نے کہا کہ وزارت داخلہ کے حالیہ خط کے مطابق یہ مشق 31 مئی کو’’آپریشن شیلڈ‘‘ کے تحت مغربی سرحد پر واقع ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تمام اضلاع میں کی جائے گی۔
موک ڈرل کے دوران، ہندوستانی فوج، سیکورٹی فورسز اور پولیس کی ٹیمیں مقامی انتظامیہ کے اسٹیک ہولڈرز اور نوجوان رضاکار جیسے این سی سی، این ایس ایس، این وائی کے ایس، بھارت اسکاؤٹس اور گائیڈز کے ساتھ مختلف خدمات انجام دیں گے۔ یہ تمام افراد ماک ڈرل کے دوران دشمن کے طیاروں، ڈرونز اور میزائل حملوں کی صورت میں سول سیکورٹی اقدامات پر عمل درآمد میں سول انتظامیہ کی مدد کریں گے۔