دبئی،6جون(ایجنسیز)جرمنی کے لفتھانزا ایئرلائن گروپ نے جمعہ کو کہا کہ وہ 23 جون کو تل ابیب کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گا جو موجودہ علاقائی تنازعہ کے درمیان گذشتہ ماہ کے اوائل میں معطل کر دی تھیں۔
گروپ نے ایک بیان میں کہا، اس فیصلے سے لفتھانزا، آسٹریا، سوئس، برسلز ایئر لائنز یورونگز، آئی ٹی اے اور لفتھانزا کارگو متأثر ہوں گے لیکن "آپریشنل وجوہات کی بناء پر” انفرادی ایئر لائنز صرف "آہستہ آہستہ” اپنی خدمات دوبارہ شروع کر سکیں گی۔
گروپ نے مزید کہا، "یہ فیصلہ سکیورٹی کی صورتِ حال کے وسیع تجزیئے اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کاری پر مبنی ہے۔”گروپ نے چار مئی کو حوثی باغیوں کے راکٹ حملے کے بعد اسرائیل کے مرکزی ایئرپورٹ پر اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں اور اس کے بعد سے کئی بار معطلی میں توسیع کی گئی۔
یہ میزائل تل ابیب کے بین گوریون بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ایک کار پارک کے قریب گرا اور اس سے چھے افراد زخمی ہوئے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کوئی میزائل ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہوا تھا۔اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں ایسے کئی حملوں کی اطلاع دی ہے جن میں سے زیادہ تر میزائل روک لیے گئے۔
