Skip to content
اسرائیل کی اصفہان میں سینٹری فیوجز کے مقام پر دوبارہ بم باری
اسرائیل،22جون(ایجنسیز)
اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک بار پھر ایران کے شہر اصفہان میں واقع جوہری مقام کو نشانہ بنایا ہے۔ مزید یہ کہ جوہری تنصیب کے احاطے میں سینٹری فیوجز بنانے کی جگہ پر حملہ کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخای ادرعی نے "ایکس” پلیٹ فارم پر کہا "گزشتہ رات اصفہان میں واقع جوہری مقام کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا۔”
ترجمان نے مزید کہا کہ "گزشتہ رات تقریباً 50 جنگی طیاروں نے ایران میں درجنوں فوجی اہداف پر سلسلہ وار فضائی حملے کیے”۔
ادرعی نے اشارہ دیا کہ ایرانی جوہری منصوبے کو نشانہ بنانے کے لیے جاری کارروائیوں کے ایک حصے کے طور پر، جنگی طیاروں نے اصفہان کے جوہری مقام کو دوسری مرتبہ نشانہ بنایا، جسے پہلی بار اس کارروائی کے پہلے دن (13 جون) کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ترجمان نے مزید کہا "طیاروں نے جوہری تنصیب کے احاطے میں واقع سینٹری فیوجز تیار کرنے والی جگہ اور اصفہان کے علاقے میں دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنایا۔”
اسرائیلی فوج نے ایرانی ڈرونز کے لیے مخصوص لانچنگ ٹرکوں کو بھی نشانہ بنایا، اور ان گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی وڈیو بھی جاری کی۔
"خطرناک
اس سے قبل آج ایرانی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے اصفہان کے جوہری مقام کو نشانہ بنایا، اور مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں کسی خطرناک مواد کا اخراج نہیں ہوا۔ یہ بات فارس نیوز ایجنسی نے بتائی۔
اس سے قبل جاری سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصفہان میں کم از کم دو ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے، اور جوہری تنصیب کے کنارے پر جلنے کے واضح نشانات بھی نظر آتے ہیں۔ یہ بات "میکسر” کمپنی کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں بتائی گئی۔
واضح رہے کہ 13 جون سے اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں پر اچانک حملے شروع کیے، جن میں راکٹ لانچنگ پلیٹ فارمز، فوجی مقامات اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ کئی ایرانی کمانڈروں اور 14 جوہری سائنس دانوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی AIEA نے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے خطرات اور تابکاری کے ممکنہ اخراج کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
Like this:
Like Loading...